سیکرٹری بلدیات نے ڈیپوٹیشن پر تعینات افسرا ن کی اصل محکموں میں واپسی کا نوٹی فکیشن سپریم کورٹ میں جمع کرادیا

سندھ کے محکموں میں ان درویش افراد کو تعینات کردیا جاتا ہے جن کو اپنا پتہ نہیں ہوتا ہے ،عدالت عظمیٰ سیکریٹری بلدیات عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرائیں بصورت دیگر توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ،عدالتی ریمارکس

جمعرات 26 مئی 2016 21:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء ) سیکرٹری بلدیات سندھ نے تمام محکموں میں ڈیپو ٹیشن اور انضمام پر تعینات افسران کو واپس اصل محکموں میں بھیجنے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے نقول سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے۔سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ سندھ کے محکموں میں ان درویش افراد کو تعینات کردیا جاتا ہے جن کو اپنا پتہ نہیں ہوتا ہے ۔

سیکریٹری بلدیات عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرائیں بصورت دیگر توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور ذمہ داروں کو سزا ملے گی۔جمعرات کو عدالت عظمیٰ میں مختلف ڈیپو ٹیشن پر آئے ہوئے افسران سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس امیر ہانی مسلم جسٹس فیصل عرب اور جسٹس خلجی عارف حسین پر مشتمل بنچ نے کی۔ سماعت کے موقع پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور چیف سیکریٹری سندھ عدالت میں پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ڈیبوٹیشن اور انضمام پر افسران کام کر رہے ہیں عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیوں نہیں ہو رہا ہے۔ ڈی جی ملیر ڈویلپمنٹ بھی ڈیبوٹیشن پر تعینات کر دئیے گے ہیں۔ سندھ میں ان درویش افراد کو تعینات کر دیا جاتا ہے جن کو اپنا پتہ نہیں ہوتا جس پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ خاموش ہو گئے تو چیف سیکریٹری سندھ نے جواب دیا کہ جی معاملے کو دیکھتا ہوں۔

جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ دیکھنا کیا ہے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کریں جس پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ جی عدالتی احکامات پر عملدرآمد ہو گا۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ آج ہی عملدرآمد کیا جائے بصورت دیگر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا جائے گا اور فرد جرم عائد ہو گی اور ذمہ داروں کو سزا بھی ملے گی اور رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے جب تک رپورٹ جمع نہیں ہو گی تو ایڈووکیٹ جنرل سندھ آفس نہیں جائیں گے، جس کے بعد سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اپنے آفس نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے چلے گے اور صبح سے لیکر دوپہر تک ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو عدالت میں بیٹھنا پڑا۔

بعدازں دوپہر کے وقت سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے نوٹیفکیشن عدالت میں جمع کرایا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ بلدیہ عظمی،کے ڈی اے ،ایل ڈی اے ایم ڈی اے سمیت دیگر اداروں میں ڈیبوٹیشن اور انضمام پر تعینات افسران اپنے اپنے اصل محکموں میں واپس چلے جائیں عدالت نے نوٹیفکیشن ریکارڈ پر رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ہے ۔

متعلقہ عنوان :