وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کریمنل جسٹس سسٹم کو بہتر بنانے کی منظوری دیدی

وفاقی سیکرٹری داخلہ کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس کی تجویز پر فیڈرل کور گروپ تشکیل دینے کی منظوری بھی دیدی

جمعرات 26 مئی 2016 22:54

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کریمنل جسٹس سسٹم کو بہتر بنانے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے عدالتوں سے کمزور استغاثہ اور تحقیقات کی وجہ سے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کی سزاؤں کی کم شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے کریمنل جسٹس سسٹم کو بہتر بنانے کی منظوری دیدی ہے۔ اس ضمن میں چوہدری نثار علی خان نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کی صدارت میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی تجویز پر فیڈرل کور گروپ تشکیل دینے کی منظوری دیدی ہے۔

یہ کور گروپ وفاقی اور صوبائی حکومتوں، سول سوسائٹی، سیاسی جماعتوں اور پاکستان میں کریمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات کیلئے کام کرنے والی عالمی تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل ہو گا۔ اس فیڈرل کور گروپ کی صوبائی سطح پر ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی، یہ ذیلی کمیٹیاں پاکستان کے کریمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات کیلئے وسیع بنیادوں پر اتفاق رائے سے حل کیلئے فیڈرل کور گروپ کو اپنی سفارشات پیش کریں گی۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ تشدد موجودہ کریمنل جسٹس سسٹم میں پائی جانے والی خامیوں کا تقاضا کرتا ہے کہ ریاست کی جانب سے دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کے قلع قمع کیلئے سخت سزائیں یقینی بنائی جائیں۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ تیز ترین اور مدلل اصلاحات کیلئے چار بنیادی پہلوؤں پر اتفاق رائے ہونا چاہئے جبکہ پولیس، استغاثہ، عدالتیں، قید میں تصحیح، پیرول اور پروبیشن کو ترجیحی بنیادوں پر لیا جانا چاہئے۔

وزیر داخلہ نے نیکٹا کو ہدایت کی کہ وہ نیشنل ایکشن پلان کے مینڈیٹ کے مطابق جسٹس سسٹم کے اہم مسئلہ کے حوالہ سے کریمنل جسٹس سسٹم میں جامع اصلاحات کیلئے مربوط کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل کور گروپ کریمنل جسٹس سسٹم میں عدلیہ اور غیر ملکی اداروں کی مدد سے ہونے والے کام کا بھی جائزہ لے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اہداف کم سے کم وقت میں حاصل کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :