کراچی میں امن کے دعوے دھرے ، ٹارگٹ کلر پھر بے لگام ہوگئے

شہر قائد میں مختلف واقعات و کارروائیوں میں 5افراد قتل، 3گرفتار

جمعہ 27 مئی 2016 11:34

کراچی میں امن کے دعوے دھرے ، ٹارگٹ کلر پھر بے لگام ہوگئے

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مئی۔2016ء ) کراچی میں امن کے دعوے دھرے رہ گئے، ٹارگٹ کلر پھر بے لگام ہوگئے۔ فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں سب انسپکٹر سمیت 5افراد کو قتل کردیا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی اداروں کی کارراوئیوں میں 3ملزمان گرفتار اور 15حراست میں لے لیے گئے۔ ایس پی ثاقب ابراہیم کے مطابق ناگن چورنگی کے قریب فلیٹ سے ٹریفک پولیس کے سب انسپکٹر سلیم نصیر کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، جسے چھریوں کے وار کر کے قتل کیا گیا۔

مقتول ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں تعینات تھا۔ اس نے 3شادیاں کر کھی تھیں۔ ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کو شک گزرا کی واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے اور مقتول کی تیسری بیوی سے تفتیش شروع کردی۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ تیسری بیوی نے اپنے دوست کے ساتھ ملکر انسپکٹر کو قتل کیا۔

(جاری ہے)

ملزمان کی نشاندہی پر آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا۔ دوسری جانب ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں گھر کے باہر بیٹھے افراد پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے زخمی ہونے والے 3افراد میں سے 2اسپتال منتقلی کے دوران جاں بحق ہو گئے۔ ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر کامران فضل کے مطابق ہلاک افراد میں مقامی لان کا مالک عاصم اور امیر حیدر شامل ہیں، جبکہ زخمی شخص کی شناخت حسن کے نام سے ہوئی ۔ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے کئی خول ملے ہیں۔ ایم کیو ایم ترجمان کے مطابق جاں بحق عاصم پارٹی کارکن تھا، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے عاصم حسین کے قتل کی مذمت کی ۔

ادھر پرانی سبزی منڈی کے قریب رینجرز نے سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران 15ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔ سپر ہائی وے پر پولیس مقابلے میں 2ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سبزی منڈی میں لوٹ مار کیا کرتے تھے۔ لانڈھی89 اور اورنگی مجائد کالونی میں فائرنگ کے واقعات میں 2افراد ہلاک ہوگئے۔ سی ویو کے قریب سے بھی پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

متعلقہ عنوان :