بلاول اور آصف زرداری پیپلز پارٹی کی تمام پالیسیوں پر ایک ہی پیج پر ہیں،مولا بخش چانڈیو

پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی حامی ہے ،جمہوریت کی بالادستی کیلئے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم جمہوریت کو پٹڑی سے اترنے نہیں دیں گے،مشیر اطلاعات وزیر اعلیٰ سندھ

جمعہ 27 مئی 2016 23:18

سجاول ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 مئی۔2016ء) وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمن بلاول بھٹو زرداری اور کو چیئرمن آصف علی زرداری پاکستان پیپلز پارٹی کی تمام پالیسیوں پر ایک ہی پیج پر ہیں اور بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی حامی ہے اور پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بالادستی کیلئے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم جمہوریت کو پٹڑی سے اترنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کو پاناما لیکس سمیت دیگر معاملات پر اپوزیشن اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا چاہیے ورنہ پاناما لیکس کا معاملہ میاں صاحب کو نہیں چھوڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب اگر اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیں گے اور اپوزیشن جماعتوں کو سڑکوں پر آنے پر مجبور کریں گے تو انہیں بہت بڑا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میرپور بٹھورو میں پاکستان پیپلزاپاٹی کے مرحوم ڈاکٹر شمس شورو اور ان کے بھائی شہزاد شورو کا قتل پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت اور ان کیلئے بہت بڑا صدمہ ہے اس سے پارٹی کا نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں پولس تحقیقات کر رہی ہے اور وہ اس ضمن میں آئی جی سندھ سے بات کریں گے تاکہ مرحوم ڈاکٹر شمس شورو اور ان کے بھائی کے قتل میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہچایا جا سکے۔ ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز انہوں نے ضلع سجاول کی تحصیل میرپور بٹھورو میں پاکستان پیپلزپارٹی کے مرحوم ڈاکٹر شمس شورو کے آبائی گاوٴں سلیمان شورو میں ان کے لواحقین سے تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے مرحومین کے بھائی سجاد شورو و دیگر ورثاء سے تعزیت کے بعد انہیں پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمن بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے تعزیت نامے بھی پیش کئے۔ میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر شمس شورو ان کے بہت پیارے دوست محبتی اور بہادر انصان تھے ان کے قتل پہ انہیں گہرا دکھ اور رنج ہوا ہے اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں بلند درجات عطا کرے اور لواحقین کو صبر و جمیل عطا فرمائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی سندھ ایک سمجھدار اور بہادر پولیس افسر ہیں اور انہیں آئی جی سندھ پر بھروسہ ہے کہ وہ مرحوم ڈاکٹر شمس شورو اور ان کے بھائی کے قتل کی تحقیقات میں انصاف کریں گے اور ملوث افراد کو سزا دلائیں گے۔ وزیر اعظم کے دورہ لندن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لوگ مشکلات میں وہیں جاتے ہیں جہاں ان کی مشکلاتوں میں آسانی آتی ہے اور جب بھی میاں صاحب بحرانوں کا شکار ہوئے ہیں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی سے مدد طلب کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میاں صاحب تو انتخابات میں بھی حصہ ہی نہیں لے رہے تھے اور جلاوطنی کے دور میں ملک میں آنے کیلئے بھی تیار ہی نہیں تھے مگر کو چیئرمن آصف علی زرداری نے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کیلئے راضی کیا اور انہیں ملک میں لیکر آئے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو بحرانوں سے نکلنا چاہیے مگر پاناما لیکس کا معاملہ بھی حل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نظریاتی طور پر کسی بھی پارٹی کے دشمن نہیں ہیں مگر جو پارٹیوں کے رہنماوٴں کے فیصلے ہیں یا پالیسیاں ہیں ہم ان پر تبصرے کرتے ہیں جوکہ ہمارہ بنیادی حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کے قیام کیلئے تمام سیاسی پارٹیوں کا اتحاد ضروری ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمن بلاول بھٹو زرداری کا حکم ہے کہ تین ماہ کے اندر تنظیم سازی کے حوالے سے کوآرڈینیشن کمیٹی اپنے تمام تجاویز، فیصلے اور رپورٹس انہیں جمع کروائیں حتمی فیصلہ وہی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی تنظیم نو میں ہزاروں لوگوں نے حصہ لیا اور یہ پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمن بلاول بھٹو زرداری کا بہت بڑا اور سخت فیصلا تھا جس پر انہیں کامیابی ملی ہے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں اور وہ ایک غیر معمولی سیاسی شخصیت ہیں اور غیر معمولی سیاستدان ہی ایسے بڑے فیصلے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بجلی کا مصنوعی بحران پیدا کیا جا رہا ہے وفاقی حکومت کو اس ضمن میں وفاقی وزیر پانی و بجلی کو بات کرنی چاہیے تاکہ سندھ والوں کی محرومیاں ختم ہوں۔