لوٹی رقم واپس کرنے کو تیار ہوں،شفقت چیمہ کی نیب کو پیشکش

نیب نے سٹیٹ سے شفقت چیمہ کے تمام اکاؤنٹس کی تفصیلات اور ایف بی آر سے انکم ٹیکس کا ریکارڈ مانگ لیا

جمعہ 27 مئی 2016 23:23

لوٹی رقم واپس کرنے کو تیار ہوں،شفقت چیمہ کی نیب کو پیشکش

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 مئی۔2016ء ) وزارت خارجہ کے گرفتار کئے جانے والے ڈائریکٹر شفقت چیمہ نے شدید گرمی سے گھبرا کر نیب حکام کو رضاکارانہ طور پر لوٹی گئی قومی دولت واپس کرنے کی درخواست دے دی نیب نے سٹیٹ آف پاکستان سے شفقت چیمہ کے تمام اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کر لی ہیں اور ایف بی آر سے انکم ٹیکس کا ریکارڈ بھی مانگ لیا ہے نیب حکام نے شفقت چیمہ کی درخواست کے بعد لوٹی گئی قومی دولت کا تخمینہ لگانا شروع کر دیا ہے شفقت چیمہ کو جس دن گرفتار کیا گیا تھا ان کے اکاؤنٹ سے اسی دن پانچ کروڑ روپے بھی برآمد کئے گئے تھے واضح رہے کہ شفقت چیمہ جب سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں تعینات تھے تو اس وقت ان پر 5 ہزار پاکستانی مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ فروخت کرنے کا الزام بھی تھا اور دفتر خارجہ کو باضابطہ طور پر اطلاع ملی تھی کہ شفقت چیمہ نے فی پاسپپورٹ 25 سو یورو کے عوض بیچا تھا شفقت چیمہ کے خلاف انکوائری کی درخواست بھی دفتر خارجہ کی طرف سے دی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

نیب نے انکوائری کے تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد شفقت چیمہ کو وزارت خارجہ کے دفتر سے حراست میں لیا تھا شفقت چیمہ جو لگژری لائف گزارنے کے عادی ہیں جب سے نیب کی حراست میں ہیں گرمی کی شدت کی وجہ سے بہت گھبرائے ہوئے ہیں گزشتہ روز ان کی طرف سے نیب کو تحریری پیش کش کی گئی کہ میں لوٹی ہوئی دولت رضاکارانہ طورپر واپس کرنے کو تیار ہوں ۔ اس لئے مجھے بتایا جائے کہ کتنی رقم قومی خزانے میں جمع کراؤں جس پر نیب نے کام شروع کر دیا ہے تاکہ لوٹی گئی کل رقم کا تخمینہ لگایا جا سکے ۔

واضح رہے کہ شفقت چیمہ کے اثاثوں کے بارے میں یہ بھی معلوم ہوا تھا کہ اس نے گوجرانوالہ کے قریب 125 ایکڑ اراضی زمین بھی خریدی ہوئی ہے اور اسلام آباد میں بھی قیمتی گھر کے مالک ہیں نیب نے جب گھر کی تلاشی لی تھی تو وہاں سے قیمتی ہاتھی دانت اور غیر ملکی شراب کی 113 بوتلیں بھی برآمد ہوئی تھیں ۔

متعلقہ عنوان :