یومِ تکبیرکے تاریخ ساز موقع پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں،یہ دن پاکستان کی تاریخ میں یومِ آزادی کی طرح اہم سنگِ میل کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جا ئے گا،پاکستان کاایٹمی پروگرام دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے وجود میں آ یا،یہ جنوبی ایشیا میں امن کی ضمانت ہے،اس پروگرام سے طاقت کا توازن پیدا ہوا جوخطے کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری تھا،وزیراعظم محمد نواز شریف کا یوم تکبیر کے موقع پر پیغام

جمعہ 27 مئی 2016 23:23

اسلام آباد۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 مئی۔2016ء ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ یومِ تکبیرکے تاریخ ساز موقع پر میں پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔یہ دن پاکستان کی تاریخ میں یومِ آزادی کی طرح ایک اہم سنگِ میل کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جا ئے گا۔یہ وہ دن ہے جب پاکستان دنیا کے نقشے پر پہلی مسلم ایٹمی قوت کے طور پر نمودار ہوا۔

جس طرح پاکستان کے قیام کا اعزاز مسلم لیگ کو حاصل ہے، اسی طرح اس کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کی سعادت بھی مسلم لیگ کے حصے میں آئی۔ یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ہم ملک کوبیرونی خطرات سے بچانے کے لیے اپنی تیاری پوری رکھیں تاکہ کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کر سکے۔

(جاری ہے)

پاکستان کاایٹمی پروگرام دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے وجود میں آ یا ہے۔یہ جنوبی ایشیا میں امن کی ضمانت ہے۔اس پروگرام سے طاقت کا توازن پیدا ہوا جوخطے کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری تھا۔جنوبی ایشا کے ممالک جس عدم تحفظ میں مبتلا تھے، اب اس سے نکل آئے ہیں۔یہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی برکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پر یقین رکھتا ہے۔

پاکستان کا ایٹمی پروگرام جہاں پاکستان کے مضبوط دفاع کی علامت ہے ،وہاں اس قوم کی غیر معمولی جرات، استقامت اور بہادری کا بھی اعلان ہے۔اس سے پاکستانی قوم کی اس صلاحیت کا اظہار ہوتا ہے کہ وہ مشکل حالات کا سامنا کر نے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔آپریشن ضرب عضب بھی دراصل اسی عزم کا تسلسل ہے جس عزم کی بدولت ہم نے مادر وطن کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا-ہماری عسکری قوت میں اضافہ جہاں خارجی خطرات کے مقابلے میں ایک ڈھال ہے وہاں داخلی سطح پر جو لوگ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں ان کا بھی موثر توڑ ہے- اس کا مظاہرہ ہم نے آپریشن ضرب عضب میں دیکھا جب سیاسی قیادت کی یکسوئی، غیر متزلزل قومی عزم، پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی مہارت اور بے مثال قربانیوں کی بدولت دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ۔

اللہ تعالٰی کا شکر ہے کہ ملک کا امن بحال ہو رہا ہے. پاکستان کو اب اپنی اقتصادی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس میدان میں یہ قوم اسی صلاحیت کا مظاہرہ کرے گی جس کا مظاہرہ اس نے دفاعی میدان میں کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اس ضمن میں پر عزم ہے اور پوری نیک نیتی کے ساتھ پاکستان کو معاشی طاقت بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ”چائنا پاکستان اقتصادی راہداری “ کے تحت مختلف منصوبے شروع ہوچکے ہیں۔ یہ منصوبے پورے پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے۔ انشااللہ عوام کا معیارِ زندگی مزید بہتر ہوگا اور ہم پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے بعد اپنے ملک کو اقتصادی لحاظ سے بھی مضبوط بنانے میں کامیاب ہوں گے۔