افغانستان سے بازیاب ہونیوالے علی حیدر گیلانی نے اپنے اغوا ء کے تین سالوں کے حالات قلم بند کرنے کا فیصلہ

کتاب میں اغوا ء کاروں کا رہن سہن، طریقہ واردات، تربیت ،مواصلاتی نظام کا ذکر ہوگا جبکہ اغوا کاروں کی قید کے دوران ہونے والے ڈرون حملوں اور اس سے پیدا ہونے والی دہشت کا بھی ذکر ہوگا

ہفتہ 28 مئی 2016 18:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے حال ہی میں افغانستان سے بازیاب ہونے والے صاحبزادے علی حیدر گیلانی نے اپنے اغوا ء کے تین سالوں کے حالات قلم بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی نے کتاب پرکام شروع کر دیا ہے اور یہ کتاب ان کے اغوا ء کے دن 9مئی 2013ء سے ان کی بازیابی کے روز 10مئی 2016ء تک کے واقعات پر مشتمل ہوگی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ علی حیدر گیلانی کو کتاب لکھنے کا مشورہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دیا جبکہ ان کے والد یوسف رضا گیلانی کتاب لکھنے میں ان کی معاونت کریں گے۔ کتاب انگریزی زبان میں ہوگی جسے ایک سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ کتاب میں ملتان سے اغوا ء ہو کر فیصل آباد لے جانے پھر وزیرستان اور افغانستان کی روداد ہو گی جبکہ کتاب میں اغوا ء کاروں کے مظالم کی تفصیل بھی ہو گی۔اغوا ء کاروں کا رہن سہن، طریقہ واردات، تربیت ،مواصلاتی نظام کا ذکر ہوگا جبکہ اغوا کاروں کی قید کے دوران ہونے والے ڈرون حملوں اور اس سے پیدا ہونے والی دہشت کا بھی ذکر ہوگا۔