تاشفین نیاز مرحوم ایک پروفیشنل اوربہت اچھے انسان تھے، وزیراعلیٰ سندھ

جمعرات 2 جون 2016 23:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے سندھ روینیو بورڈ (ایس آر بی)کے چیئرمین تاشفین نیاز کی اچانک وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک پروفیشنل اوربہت اچھے انسان تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم اپنے پروفیشن کے ساتھ ہمیشہ مخلص رہے اور انہوں نے اپنے ادارے ایس آر بی کو ایک مضبوط اور مستحکم ادارہ بنایا اور نئی جہتوں سے روشناس کرایا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے کام سے لگن کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ اپنی وفات سے دو دن قبل انہوں نے حکومت کیلئے آئندہ بجٹ تخمینوں کے حوالے سے ایک پریزنٹیشن تیار کی تھی۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ان کی اچانک وفات سے پیدا ہونے والا خلا شاید ہی پر ہو سکے ان کی ایس آر بی کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اﷲ تعالی سے دعا کی کہ وہ مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی توفیق دے۔

تاشفین نیاز کو عارضہ قلب کی شکایت تھی جس کے باعث ان کی گذشتہ ہفتہ اینجوپلاسٹی ہوئی تھی۔ وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے تھے کہ اچانک دل کا دورہ پڑنے کا باعث اس جہاں فانی سے کوچ کر گئے۔صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ، چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن، سیکریٹری خزانہ سہیل راجپوت، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو، اے سی ایس ترقیات محمد وسیم و دیگر نے مرحوم کی مغفرت اور ایصال و ثواب کیلئے دعا کی۔