سڑکوں کی تعمیر سے دیر بالا میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور سیاحت کو فروغ ملے گا ،جماعت اسلامی عوام کے خوشحالی اور ترقی کا ایک جامع پروگرام رکھتی ہے ، پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں ہے

سینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ خان کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 4 جون 2016 22:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جون۔2016ء ) سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اﷲ خان نے کہاکہ سڑکوں کی تعمیر سے دیر بالا میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور سیاحت کو فروغ ملے گا جس سے روزگار میں بھی اضافہ ہوگا ۔ جماعت اسلامی عوام کے خوشحالی اور ترقی کا ایک جامع پروگرام رکھتی ہے ۔

پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں ہے اس ملک میں آبادی کا 63 فی صد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے تیل ،گیس ، سمندر ، دریا ، جنگلات ، کوئلہ ، پہاڑ اور ہر قسم کے وسائل موجود ہیں لیکن قیادت کا فقدان ہے دیانتدار قیادت ہی ملک کو ترقی کے راہ پر گامزن کر سکتا ہے جو جماعت اسلامی کے پاس ہے۔ دیر بالا کی ترقی کے لیے دس سالہ ترقیاتی منصوبہ بنایا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ دیر بالا میں ساڑھے سات کروڑ روپے کی لاگت سے دو بندو درے روڈ ، اورایک کروڑ روپے کی لاگت سے صدیق بانڈہ پی سی سی روڈ کے افتتاح کے موقع پر تقاریب سے خطا ب کر رہے تھے ۔

اس موقع پر ضلع ناظم دیر بالاصاحبزادہ فصیح اﷲ ، تحصیل ناظم دیر میر مخز ن الدین اور ڈسٹرکٹ ممبر حاجی غیاث الدین نے بھی خطاب کیا ۔ سینئر وزیر عنایت اﷲ خان نے فیتہ کاٹ کر روڈ ز کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر سینئر وزیر عنایت اﷲ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں پسماندگی کی بنیاد پر پسماندہ علاقوں کوترجیحی بنیادوں پر ترقی ہمارے منشور کا حصہ ہے اور اس مقصد کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک وقوم کو بحرانوں سے نکالنے اور ترقی و خوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے کے لیے موجودہ حکومت میں شامل جماعتیں مشترکہ کوششیں کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کامحور ملک میں اسلامی نظام کا قیام اور عوام کی خدمت ہے اور اس میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے سے کرپشن و کمیشن کے کلچر کاخاتمہ کریں گے اور محکموں میں اصلاحات کر کے اختیارات عوام کومنتقل کردیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :