(ن) لیگ کے اقتدار کی کشتی میں اتنے سوراخ ہو چکے ہیں اس کا ڈوبنا طے ہے‘ نعیم الحق

عوام بہت جلد ہونے والے عام انتخابات میں حکومت کا سخت محاسبہ کریں گے‘ ہم طاقت کے بل بوتے پر اقتدار چاہتے تو نواز شریف کب کے جدہ بھاگ چکے ہوتے،کسی بیرونی یا ان دیکھی نہیں ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں‘تر جمان پاکستان تحر یک انصاف

اتوار 5 جون 2016 23:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5جون۔2016ء) تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ نون لیگ کے اقتدار کی کشتی میں اتنے سوراخ ہو چکے ہیں کہ اس کا ڈوبنا طے ہے‘ عوام بہت جلد ہونے والے عام انتخابات میں حکومت کا سخت محاسبہ کریں گے‘ ہم طاقت کے بل بوتے پر اقتدار چاہتے تو نواز شریف کب کے جدہ بھاگ چکے ہوتے،کسی بیرونی یا ان دیکھی نہیں ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں جبکہ مسلم لیگ نواز ووٹ نہیں دھاندلی کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک انٹر ویو میں تحر یک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ نون لیگ کے اقتدار کی کشتی میں اتنے سوراخ ہو چکے ہیں کہ اس کا ڈوبنا طے ہے، پرویز رشید 2018 کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں کیونکہ تب تک ان کی حکومت کا چلنا محال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما انکشافات کے بعد عوام وزیر اعظم کا احتساب چاہتے ہیں، بجٹ سے ثابت ہو گیا کہ حکومت کو غریب عوام کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بہت جلد ہونے والے عام انتخابات میں حکومت کا سخت محاسبہ کریں گے۔