Live Updates

آزادی کی جنگ لڑنے والا کبھی نہیں مرتا، نیلسن منڈیلا نے کبھی غلامی قبول نہیں کی، قائد اعظم نے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا ، آخری دم تک لڑتے رہے،افسوس کہ ہم اب تک آزاد نہیں ہوئے، پرانا نظام ہماری راہ میں رکاوٹ ہے،مولانا فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے کسی سازش کی ضرورت نہیں، پاکستان نے عظیم ملک بننا تھا جو ابھی نہیں بنا ابھی جدوجہد کرنی ہے، ہم نے حقوق کی جنگ لڑنی اور کرپٹ لوگوں کے سامنے سر نہیں جھکانا

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کاپلندری میں انتخابی جلسے سے خطاب

پیر 6 جون 2016 21:54

پلندری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جون۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جو حق اور انصاف کیلئے لڑتے ہیں ان کے مرتبے بلند ہوتے ہیں، آزادی کی جنگ لڑنے والا کبھی نہیں مرتا، نیلسن منڈیلا نے کبھی غلامی کو قبول نہیں کیا، قائد اعظم نے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور آخری دم تک لڑتے رہے،افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہم اب تک آزاد نہیں ہوئے، پرانا نظام ہماری راہ میں رکاوٹ ہے،مولانا فضل الرحمان صاحب آپ کے ہوتے ہوئے کسی سازش کی ضرورت نہیں، پاکستان نے عظیم ملک بننا تھا جو ابھی نہیں بنا ابھی جدوجہد کرنی ہے، ہم نے حقوق کی جنگ لڑنی اور کرپٹ لوگوں کے سامنے سر نہیں جھکانا ۔

وہ پیر کو پلندری میں انتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ مجھے احساس ہے کہ میں دلیر لوگوں میں ہوں جو غلامی قبول کرتا ہے اس کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا، جو حق اور انصاف کیلئے لڑتے ہیں ان کے بڑے مرتبے ہوتے ہیں، آزادی کی جنگ لڑنے والا کبھی نہیں مرتا،کشمیریوں نے آزادی کی جنگ میں بڑی قیمت چکائی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیلسن منڈیلا نے 27 سال آزادی کے لیے جیل میں گزارے لیکن پیچھے نہیں ہٹا، جنوبی افریقہ کی تاریخ میں نیلسن منڈیلا کو یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے ہمیں آزادی دلوائی اور قائداعظم کو اپنی بیماری کا پتا تھا لیکن سمجھوتہ نہیں کیا بلکہ آخری دم تک لڑے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ حق اور انصاف کیلئے لڑنے والے بلند مرتبے پر فائز ہوتے ہیں، اپنی تقدیر خود بدلنا ہو گی نوجوانوں میں جنون اور سیاسی شعور ہے، قوم کو اپنی حالت بدلنے کی خود کوشش کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی تجربہ کار جماعت نے بجلی کی قیمتیں80فیصد بڑھا دی ہیں، اداروں کو تباہ کرنے والے اداروں کو ٹھیک نہیں کر سکتے، پنجاب پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئی ہیں، اسی لئے پنجاب پولیس چھوٹو گینگ کا مقابلہ بھی نہ کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ پانی سے سستی بجلی بنانے کی بجائے ایل این جی کے پیچھے پڑ گئے، جس سے مہنگی بجلی بنتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کرپشن ملک کو تباہ کر رہی ہے ملک سے پیسہ چوری کر کے باہر بھیجا جا رہا ہے، پاکستان نے عظیم ملک بننا تھا جو ابھی نہیں بنا ابھی جدوجہد کرنی ہے، ہم نے حقوق کی جنگ لڑنی اور کرپٹ لوگوں کے سامنے سر نہیں جھکانا، ملک کی سب سے بڑی لعنت کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں لوگ بکے ہوئے ہیں، انہوں نے اپنے ضمیروں کو نیلام کردیا ہے، نادرا میں بھی لوگ ایسے لوگ گھسے ہوئے ہیں، کیا انہی لوگوں کیساتھ زندگی گزارنی ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ ہر 100 روپے کے کارڈ پر 43روپے سیلز ٹیکس لیا جاتا ہے، پیٹرول پر 50فیصد اور ڈیزل پر 100فیصد لیا جاتا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ فضل الرحمان کہتا ہے کہ عمران یہودیوں کا سازشی ہے، مولانا صاحب آپ کے ہوتے ہوئے کسی سازش کی ضرورت نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آپ لوگ ڈیزل ٹینک میں ڈالا کریں مگر اس کو ووٹ نہیں دینا۔ انہوں نے کہا وقت آ گیا ہے کہ شخصیات کے بجائے نظریات کو ووٹ دیں، بزرگ نوجوانوں کو تحریک انصاف میں آنے سے نہیں روک سکتے، بزرگوں سے کہتا ہوں، وقت آ گیا آپ بھی تحریک انصاف میں آ جائیں کیونکہ خواتین اور نوجوان پہلے ہی تحریک انصاف کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات نچلی سطح پر جانے سے نظام تبدیل ہو گا، وزیر اعلیٰ پنجاب پیسہ اپنے پاس رکھتا ہے اور جہاں چاہتا ہے خرچ کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ایسے لوگ بلدیاتی انتخابات کروانے سے گریز کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وعدوں کے باوجود حکومت لوڈشیڈنگ اور کرپشن ختم نہیں کر سکی، حکومت پی آئی اے اور ریلوے کی حالت بھی ٹھیک نہیں کر سکی۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں ترقیاتی فنڈز بلدیات کو دے دیئے ہیں۔ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہم اب تک آزاد نہیں ہوئے، پرانا نظام ہماری راہ میں رکاوٹ ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات