رمضان المبارک میں عوام الناس کو معیاری اور سستی اشیائے خوردونوش کی فراہمی حکومتوں کی اولین ترجیح ہے، خصوصی رمضان بازاروں میں اربوں کی سبسڈی کے تحت آٹا ،چینی ،پھل اور سبزیاں عام بازار کی نسبت رعایتی نرخوں پر وافر دستیاب ہونگی ، صارفین کو ریلیف کی فراہمی میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی

وزیر مملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کی رمضان بازار کے دورہ کے موقع پر گفتگو

پیر 6 جون 2016 22:44

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جون۔2016ء) وزیر مملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام الناس کو معیاری اور سستی اشیائے خوردونوش کی فراہمی وفاقی اور صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور خصوصی رمضان بازاروں میں اربوں کی سبسڈی کے تحت آٹا ،چینی ،پھل اور سبزیاں عام بازار کی نسبت رعایتی نرخوں پر وافر دستیاب ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کو ریلیف کی فراہمی میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی اور تمام افسران اور محکمے رمضان المبارک کے دوران اپنے فرائض کی انجام دہی خدمت اور عبادت کے جذبے سے ادا کرکے اﷲ اور اُس کے رسول کی خوشنودی بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ وہ پیر کو رمضان بازار حافظ آباد کے دورہ کے موقع پر گفتگو کررہی تھیں ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او محمد احمد رجوانہ ،اے ڈی سی نعمان حفیظ ،ٹی ایم او حیدر علی چٹھہ ،انچارج رمضان بازار محمد نواز گوہر اور دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے ۔

میڈم سائرہ افضل تارڑ نے رمضان بازار کے بہترین انتظامات اور وہاں پر دستیاب معیاری اور سستی اشیائے خوردونوش کی وافر دستیابی کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ پورا مہینہ رمضان بازار میں صارفین کو اسی معیار اور نرخوں پر اشیاء بآسانی دستیاب ہونگی۔انہوں نے خریداری کے لیے آنے والوں سے بھی اشیاء کے معیار اور نرخوں کے حوالہ سے رائے معلوم کی ۔

صارفین نے بہترین بازار لگانے پر ڈی سی او محمد احمد رجوانہ اور انکی پوری ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ خادم پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ بھر میں 5ارب کی خطیر سبسڈی فراہم کرکے عوام دوستی کا ثبوت دیا ہے ۔صارفین نے بالخصوص آٹا اور چینی سمیت منتخب اشیاء پر سبسڈی کے اقدام کو بھی سراہا۔ڈی سی او محمد احمد رجوانہ نے بتایا کہ عام بازار میں چینی کے نرخ 65روپے فی کلو گرام مقرر کئے گئے ہیں جبکہ رمضان بازار میں10روپے فی کلو گرام کی رعایت کے ساتھ چینی 55روپے فی کلو گرام میں وافر دستیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آٹا کا 10کلو گرام کا تھیلا بھی 340کی بجائے 290کے رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوگا۔انہوں نے وزیر مملکت کو بتایا کہ ضلع میں4رمضان بازار لگائے گئے ہیں اور خصوصی فیئر پرائس شاپس پر منتخب 16اشیاء سمیت دیگر تمام اشیائے خوردونوش سستے نرخوں پر دستیاب ہونگی۔انہوں نے کہا کہ چاروں رمضان بازاروں میں20سیکورٹی کیمرے ،مختلف محکموں کے افسران اور عملہ اور دیگر انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :