قومی اسمبلی میں خورشید شاہ کا سرکاری ٹی وی پر اپنی تقریر نہ دکھائے جانے پر شدید احتجاج

سپیکر اسمبلی نے غلط بیانی سے کام لیا ، بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں طے ہواتھا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقریر سرکاری ٹی وی براہ راست نشر کرے گا،ہمارے ساتھ دھوکہ کیا گیا ہے، قائد حزب اختلاف کا نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

پیر 6 جون 2016 22:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جون۔2016ء ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے سرکاری ٹی وی پر ان کی تقریر نہ دکھائے جانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر اسمبلی نے غلط بیانی سے کام لیا ہے ، بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں یہ طے ہواتھا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقریر سرکاری ٹی وی براہ راست نشر کرے گا،ہمارے ساتھ دھوکہ کیا گیا ہے ،یہ مذاق اس پارلیمان کے ساتھ ہے ، اس سے بدمزگی میں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اپنی تقریر کے بعد نکتہ اعتراض پر اظہارخیال کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے سرکاری ٹی وی پر اپنی تقریر براہ راست نہ دکھانے پر سخت احتجاج کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم سے بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقریر جو کہ وفاقی بجٹ 2016-17پر عام بحث کا آغاز تھی اور سپیکر نے اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ تقریر براہ راست نشر ہو گی مگر سپیکر کی کرسی سے غلط بیانی سے کام لیا گیا ،اپوزیشن اسے ایک دھوکہ سمجھتی ہے ،درحقیقت یہ دھوکہ اپوزیشن کے ساتھ نہیں بلکہ اس مقدس ایوان کے ساتھ ہے ، اگر یہی حالات رہے تو اس سے مزید بدمزگی پیدا ہوگی ، اس سلسلے میں آج ہمیں بتایا جائے کہ تقریر کیوں نہیں دکھائی گئی ۔