اسلام آباد : قومی اسمبلی کا اجلاس ، خواجہ آصف نے شیریں مزاری کو ٹریکٹر ٹرالی کہہ دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 8 جون 2016 13:15

اسلام آباد : قومی اسمبلی کا اجلاس ، خواجہ آصف نے شیریں مزاری کو ٹریکٹر ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔08 جون 2016ء) : اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف نے ملک بھر میں پانی و بجلی کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کیا ۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا اپوزیشن نے ملک میں بجلی اور پانی کی صورتحال پر اپوزیشن نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ کو غلط بریف کیا انہوں نے کہا کہ مجھے غلط معلومات دینے والوں پر افسوس ہے، خورشید شاہ کو اندازوں پر مبنی اور حقائق کے برعکس اعدادوشمار پیش کیے گئے۔

جس پر شیریں مزاری سمیت تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے احتجاج کیا۔ خواجہ آصف نے شیریں مزاری کو ٹریکٹر ٹرالی کہہ کر اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ اس ٹریکٹرٹرالی کو چپ کروائیں۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے شیریں مزاری کے بولنے پر اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جناب اسپیکر ! تقریر کے دوران آنے والی آواز کو زنانہ کر دیں۔ اتنا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور حکومتی اراکین میں تلخ کلامی ہوئی جس پر متعدد حکومتی اراکین نے شیریں مزاری کو آنٹی کہہ کر چپ رہنے کی تلقین بھی کی۔

ایوان میں خواجہ آصف نے اپنے الفاظ واپس لینے سے انکار کر دیا جس پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے خواجہ آصف کے شیریں مزاری سے متعلق کہے گئے الفاظ کو ایوان کی کارروائی سے حذف کر دیا۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے ایوان کے ماحول پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کے الفاظ پر نہایت افسوس ہوا۔انہوںنے کہا کہ خواجہ آصف کے الفاظ پر شدید دکھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کے الفاظ نہایت نا مناسب ہیں جن کی میں مذمت کرتا ہوں اور یہ الفاظ خواجہ آصف کو چاہئیے کہ واپس لے لیں جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی کو چاہئیے کہ وہ ان الفاظ کو ایوان کی کارروائی سے حذف کر دیں۔