امریکہ بھارت کی بے جا حمایت اور سرپرستی کے ذریعے خطے کے امن کوتباہ کرنے پر تلا ہوا ہے‘پاکستان میں ڈرون حملے اور بھارت کو نیوکلیئرسپلائرزگروپ کی رکنیت دینے کی حمایت امریکہ کی پاکستان دشمنی اور بھارت نوازی کا واضح ثبوت ہے ،حکومت امریکی سازشوں کا حصہ بننے کی بجائے عالمی برادری کو امریکی عزائم سے آگاہ کرے اور اس کے خلاف عالمی اداروں میں آواز بلند کی جائے ،جب تک ڈرون گرائے نہیں جاتے امریکی جارحیت جاری رہے گی ‘امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا افطار ڈنر سے خطاب

بدھ 8 جون 2016 22:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 جون ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکہ بھارت کی بے جا حمایت اور سرپرستی کے ذریعے خطے کے امن کوتباہ کرنے پر تلا ہوا ہے،پاکستان میں ڈرون حملے اور بھارت کو نیوکلیئرسپلائرزگروپ کی رکنیت دینے کی حمایت امریکہ کی پاکستان دشمنی اور بھارت نوازی کا واضح ثبوت ہے ،حکومت امریکی سازشوں کا حصہ بننے کی بجائے عالمی برادری کو امریکی عزائم سے آگاہ کرے اور اس کے خلاف عالمی اداروں میں آواز بلند کی جائے ،جب تک ڈرون گرائے نہیں جاتے امریکی جارحیت جاری رہے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عبد اﷲ گل کی طر ف سے دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پہلے امریکہ نے بھارت کو سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی فراہم کی جبکہ پاکستان کے مطالبے کے باوجود اسے محروم رکھا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جتنی قربانیاں دی ہیں اس کی امریکہ نے کوئی قدر نہیں کی ،ساری نوازشات بھارت کے لئے ہیں اور پاکستان کے حصے میں ڈو موراور دھمکیاں ہیں،حکمرانوں کو امریکہ سے تعلقات پر سوچ بچار کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبہ کو سبو تاژ کرنے کیلئے امریکہ بھارت اور اسرائیل کا اتحاد کھل کر سامنے آگیا ہے اور ان کی تخریب کار ایجنسیوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے اس منصوبے کے خلاف سازشوں کا جال بچھا دیا ہے مگر ہماری حکومت مسلسل دباؤ کا شکار ہے ۔وزیر اعظم کی بیماری کے بعد لگتا ہے پوری حکومت بیمارہو چکی ہے اور کسی میں بھی امریکی جارحیت کے خلاف بات کرنے کی جرأت نہیں رہی ۔

انہوں نے کہا کہ قوم بیدار ہوجائے ۔ باہمی اتحاد اور قومی یکجہتی سے ہی دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جاسکتا ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کو صرف اسلام آباد کو سیف سٹی بنانے کی فکر ہے جبکہ عوام غربت مہنگائی اور بے روز گاری کی چکی میں پس رہے ہیں اور ان کی جان و مال اور عزت کے تحفظ کی کسی کو فکر نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو ذہن نشین کرلینا چاہئے کہ جب عوام کا جان و مال اور عزت محفوظ نہیں رہتی تو پھراقتدار کے ایوانوں کا گھیراؤ کرنے سے انہیں کوئی طاقت نہیں روک سکتی اور حکمرانوں کو بچ نکلنے کا بھی موقع نہیں ملتا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بھارتی تخریب کار کلبھوشن کے معاملے پر حکومتی خاموشی معنی خیز ہے ،لگتا ہے حکومت کلبھوشن کو بھی ریمنڈ ڈیوس جیسا پروٹوکول دیکر فرار کرانا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت مسلسل بھارت اور امریکہ کے دباؤ میں ہے اور خدشہ ہے کہ حکومت وہی فیصلہ کرے گی جس کا اشارہ امریکہ کی طرف سے ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو جو اپنے خطر ناک عزائم اور بھارتی حکومت کی سرپرستی اور معاونت حاصل ہونے کااعتراف کرچکاہے اس کے خلاف جاندار اور موثر کاروائی نہ کرنا اور اقوام متحدہ اور عالمی اداروں میں اس کے خلاف آواز نہ اٹھانا ، وزارت خارجہ کی نااہلی ہے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کلبھوشن اور را کے دیگر ایجنٹوں کی پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کاروائیوں اور بھارتی سازشوں کے خلاف اقوام متحدہ اور عالمی اداروں میں آوازبلند کی جائے اور بھارت کی طرف سے علاقائی امن کو تباہ کرنے کی سازشوں سے عالمی برادری کو آگاہ کیا جائے ۔