شیریں مزاری نے اسپیکر قومی اسمبلی کو وزیر دفاع کے خلاف کارروائی کیلئے خط لکھ دیا

جمعہ 10 جون 2016 15:27

شیریں مزاری نے اسپیکر قومی اسمبلی کو وزیر دفاع کے خلاف کارروائی کیلئے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنماء شیریں مزاری نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو وزیر دفاع خواجہ محمدآصف کے خلاف کارروائی کیلئے خط لکھ دیا، خط کے متن میں کہا گیا کہ خواجہ آصف نے ان کی تضحیک کی اور ان کے الفاظ سے میرا استحقاق مجروح ہوا، انہوں نے ایوان کے سامنے معافی بھی نہیں مانگی،ان کے خلاف موثر کارروائی کی جائے، صرف اسمبلی کاروائی سے الفاظ حذف کردینا کافی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ٹریکٹر ٹرالی اور آنٹی جیسے الفاظ استعمال کرنے پر وزیر دفاع خواجہ محمدآصف کے خلاف کارروائی کیلئے خط لکھ دیاہے۔خط کے متن میں کہا گیا کہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ان کی تضحیک کی اور ان کے الفاظ سے میرا استحقاق مجروح ہوا، اس لئے انہیں ایوان میں سب کے سامنے نام لے کر معافی مانگنی چاہیے تھی لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔شیریں مزاری نے مطالبہ کیا کہ خواجہ آصف کے خلاف موثر کارروائی کی جائے صرف اسمبلی کارروائی سے الفاظ حذف کردینا کافی نہیں۔