ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نہ نکالے جانے پر سندھ ہائیکورٹ برہم ہوگئی، سیکریٹری داخلہ کو 14جون کو طلب کرلیا

جمعہ 10 جون 2016 23:02

ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نہ نکالے جانے پر سندھ ہائیکورٹ برہم ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 جون ۔2016ء) ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نہ نکالے جانے پر سندھ ہائیکورٹ برہم ہوگئی، سیکریٹری داخلہ کو 14جون کو طلب کرلیاہے، سیکریٹری داخلہ نہ آئے تو گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کریں گے۔سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کرنسی اسمگلنگ کیس میں پیشیوں پر پیشیاں بھگتنے والی ایان علی ان دنوں ای سی ایل کیس کی وجہ سے عدالت کے چکر پر چکر لگا رہی ہیں۔

جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ میں ماڈل گرل کے وکیل نے کہا ہے کہ سب ایک لڑکی کے پیچھے پڑگئے ہیں جبکہ پرویز مشرف کو سنگین مقدمات کے باوجود بیرون ملک جانے دیا گیا ۔کرنسی اسمگلنگ کیس کی وجہ سے ماڈل ایان علی ایک سال تک راولپنڈی میں کورٹ واک کرتی رہیں،کیس لگتا ، سماعت ہوتی اور پھر اگلی تاریخ مل جاتی ، مگر ایان علی ہر تاریخ پر پیش ہوتی رہیں ۔

(جاری ہے)

اﷲ اﷲ کر کے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ضمانت ہوئی تو اب ای سی ایل کیس ایان کے پاؤں کی زنجیر بن گیا ہے۔

جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران ایان علی کے وکیل نے کہا کہ عدالتی حکم پر ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے دو گھنٹوں بعد دوبارہ شامل کیا گیا ۔جنرل پرویز مشرف سنگین مقدمات کے باوجود بیرون ملک چلے گئے، سب ایک لڑکی کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں ، جھوٹے الزامات میں پھنسانے کے لئے ایک عورت سے درخواست دائر کرائی گئی ۔جسٹس عقیل عباسی کی سربراہی میں قائم عدالت عالیہ کے دو رکنی بینچ نے طلبی کے باوجود سیکریٹری داخلہ عدم پیشی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ، عدالت نے سماعت 14 جون تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اگلی پیشی پر نہ آئے تو گرفتاری کا حکم دیں گے۔

متعلقہ عنوان :