ملک کے تمام بچوں کو تعلیم ، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنا میری اولین ترجیحات ہیں، بیرسٹر عابد وحید شیخ

پاکستان بیت المال کے پلیٹ فارم سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، چائلڈ لیبرکے خلاف عالمی دن کے موقع پر بیان

ہفتہ 11 جون 2016 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 جون ۔2016ء ) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے کہا ہے کہ ملک کے تمام بچوں کو تعلیم ، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنا میری اولین ترجیحات ہیں جس کے لیے پاکستان بیت المال کے پلیٹ فارم سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ چائلڈ لیبرکے خلاف عالمی دن کے موقع پر جاری ایک خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ آج ایسے ہی بچوں کو ان کا بچپن واپس لوٹانے کے ساتھ ساتھ وہ تمام حقوق دلانے کے عزم کی تجدید کا دن ہے جس کے وہ حق دار ہیں۔

مستقبل کے معمار ان بچوں کے ہاتھوں میں مزدوری کے آلات کی بجائے قلم اور کتاب تھمانے کا عزم کر رکھا ہے تاکہ پوری قوم کا مستقبل روشن بنایا جاسکے۔بیرسٹر عابد وحید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان بیت المال وفاقی حکومت کا وہ ادارہ ہے جو اس اہم معاشرتی مسئلے کے حل کے دن رات کار فرما ہے اور اس ضمن میں بہت سے اقدامات اٹھا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان بیت المال ملک بھر میں قائم 158سکولوں کی مدد سے چائلڈ لیبر میں مبتلا بچوں کو مشقت اور مزدوری سے نجات دلا کر زیور تعلیم سے آراستہ کیا جارہا ہے۔

یہاں ان بچوں کو ناصرف مفت تعلیم دی جاتی ہے بلکہ انہیں مفت کتابیں، یونیفارم، جوتے اورسٹیشنری کی اشیاء بھی دی جاتی ہیں۔ مزید برآں ان بچوں کو روزانہ کی بنیاد پر وظیفہ بھی دیا جاتا ہے اور ان بچوں کے والدین کو بھی ماہانہ وظیفہ دیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کو چائلڈ لیبر سے دور رکھیں۔اب تک ایک لاکھ سے زائد بچے ان سکولوں سے مستفید ہو چکے ہیں اور ہر سال 19000 کے قریب بچے ان مراکز سے فارغ التحصیل ہورہے ہیں۔

پاکستان بیت المال کے ملک بھر میں قائم یہ مراکزملک کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں میں واقع ہیں ۔یہ بات قابل فخر ہے کہ ہمارے یہ بچے ایلیمنٹری بورڈ میں اکثر نمایاں پوزیشن حاصل کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان بیت المال نے کئی ایسے اقدامات اٹھا رکھے ہیں جو ملک سے چائلڈ لیبر کی روک تھام میں بہت موثر ثابت ہوئے ہیں۔ ان اقدمات کا مقصد بچوں کو چائلڈ لیبر کی طرف مائل ہونے سے روکنے کے ساتھ ان کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

ایم۔ڈی پاکستان بیت المال نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے لیے ان تمام بنیادی وجوہات کے سدباب کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جن کی بدولت ایک معاشرہ غربت ، بیماری اور مفلسی کا شکار ہوکر اپنے بچوں کو مزدوری اور مشقت کروانے پر مجبور ہوجاتا ہے۔پاکستان بیت المال تعلیم، صحت،خود انحصاری اور بحالی کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے جن کے معاشرے میں مجموعی طور پر خوشگوار اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ اپنے معصوم بچوں کی مزدوری کی چکی میں پسنے سے بچانے کے لیے عوام کو ایک مہذب اور ذمہ دار قوم کا ثبوت دینا ہوگا۔ ہمیں بے حسی اور خود غرضی کے جال سے نکل اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے سوچنا ہوگا تاکہ ہر بچہ خوش و خرم زندگی بسر کرے اور ہمارے ملک کا مستقبل روشن ہو۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ملک کے دیگر فلاحی اداروں، تنظیموں، مخیر حضرات سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگوں کے لیے بھی قومی سوچ بیدار کرتا ہے کہ وہ چائلڈ لیبر سے نجات کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ تمام تر ممکنہ اقدامات کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :