اورلینڈوکلب کا حملہ آور عمر متین مذکورہ کلب میں باقاعدگی سے جایا کرتا تھا، نیا انکشاف ہو گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 14 جون 2016 13:18

اورلینڈوکلب کا حملہ آور عمر متین مذکورہ کلب میں باقاعدگی سے جایا کرتا ..

اورلینڈو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14جون 2016ء) :اولینڈو کے ہم جنس پرست کلب پر فائرنگ کرنے والے حملہ آور عمر متین کے بارے میں ایک اہم انکشاف یہ ہوا ہے کہ عمر متین اس کلب میں حملے سے قبل بھی باقاعدگی سے مذکورہ کلب جایا کرتا تھا۔ تازہ ترین انکشاف کے مطابق عمر متین کی ہم جنس پرستوں کی ویب سائٹس پر پروفائل بھی موجود ہے جس سے یہ صاف ظاہر ہے کہ عمر متین ہم جنس پرستوں کے کلب میں جانے کے ساتھ ساتھ ان کی سائٹس بھی استعمال کرتا تھا۔

عمر متین کے والد نے اس سے قبل اپنے ایک بیان میں بتایا کہ عمر متین دو مردوں کو بوس و کنار کرتے ہوئے دیکھ کر غصے میں آ گیا تھا لیکن کلب کے ایک ممبر نے انکشاف کیا کہ عمر متین خود بھی اس کلب میں باقاعدگی سے آتا تھا جبکہ ہم جنس پرستوں کی ویب سائٹ پر کسی ایک ہم جنس پرست کے ساتھ اس کی بات چیت بھی ہوتی تھی۔

(جاری ہے)

کلب میں ہی موجود سمتھ نامی ایک شخص نے بتایا کہ عمر کے والد ب ہت سخت تھے اور گھر میں اس کی اہلیہ اور اہل خانہ کی موجودگی کے سبب وہ گھر میں شراب نوشی نہیں کر سکتا تھا لہٰذا جب بھی کلب میں آتا تو شراب کے نشے میں گھر والوں کو برا بھلا کہتا تھا۔

سمتھ کا کہنا تھا کہ بعض اوقات عمر ایک کونے میں جا کر بیٹھ جاتا اور خوب شراب نوشی کرتا لیکن کئی مرتبہ وہ شراب کے نشے میں آپے سے باہر بھی ہو جایا کرتا تھا۔ہم جنس پرست جوڑے کیلن اور سمتھ نے بتایا کہ ایک مرتبہ مذہب کا تمسخر اڑانے پر عمر متین نے چاقو نکال کر دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے آئندہ اسے تنگ کرنے کی کوشش کی تووہ اپنا انجام یاد رکھیں۔

دوسری جانب 2006میں عمر متین کی پولیس اکیڈمی میں موجود ایک ہم جماعت نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھے گمان تھا کہ عمر متین ہم جنس پرست ہے۔نام نہ بتانے کی شرط پر عمر کے ہم جماعت نے مزید بتایا کہ عمر 2006سے ہی ہم جنس پرست ہے لیکن اس نے اس سے متعلق کبھی کسی پر ظاہر نہیں ہونے دیا۔ہم جماعت نے مزید بتایا کہ متین نے مجھے بھی باہر جانے کی پیشکش کی تھی۔