اسٹیٹ بینک نے عید کے موقع پر نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کیلئے ایس ایم ایس سروس شروع کر دی

منگل 14 جون 2016 23:09

اسلام آباد ۔ 14 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 جون ۔2016ء) اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کیلئے ایس ایم ایس سروس شروع کر دی۔ 8877 پر میسیج بھیج کر 10، 20، 50 اور 100 روپے کے نئے کرنسی نوٹ حاصل کئے جاسکیں گے۔بینک دولت پاکستان نے 2015ء کی عیدین کے موقع پر پْرجوش خیرمقدم کیے جانے کے بعد اس سال بھی عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کے اجراء کیلئے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے ذریعے ایس ایم ایس سروس دوبارہ شروع کردی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے جاری اعلامیے کے مطابق نئے نوٹ کمرشل بینکوں کی نامزد شاخوں سے دستیاب ہوں گے۔ جن کو ’ ای برانچز‘ کہا جائے گا۔ ملک کے 116 شہروں میں 500 ’ ای برانچز ‘ کے ذریعے یہ خدمت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ایس بی پی بی ایس سی کے 16 فیلڈ دفاتر سے بھی نئے کرنسی نوٹ حاصل کئے جاسکیں گے۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک کے مطابق عوام کو موبائل ایس ایم ایس سروس کے ذریعے کمرشل بینکوں کی نامزد ’ای برانچز‘ سے نئے نوٹوں کا اجراء 28 رمضان تک جاری رہے گا۔

نامزد ’ ای برانچز ‘ میں نئے بینک نوٹوں کا ضروری اسٹاک پہنچا دیا گیا ہے۔ ایک ایس ایم ایس پر چارجز 2 روپے جمع ٹیکس ہوں گے۔اس سہولت کے تحت نئے نوٹ حاصل کرنے کے خواہشمند فرد کو شارٹ کوڈ 8877 پر ایک ایس ایم ایس پیغام بھیجنا ہوگا جس میں اسے اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ یا اسمارٹ کارڈ نمبر اور مطلوبہ ’ای برانچ‘ کا کوڈ لکھنا ہوگا،مثال کے طورپر 383030593987 (اسپیس) کے ایچ آئی 005، نامزد ای برانچوں کے برانچ کوڈ اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ اور کمرشل بینکوں کی ویب سائٹس پر دستیاب ہیں۔

sbp.org.pk، pakistanbanks.orgایس ایم ایس بھیجنے والے فرد کو جواب میں ایک جوابی ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں اس کا ریڈیمشن کوڈ، ای برانچ کا پتہ اور ریڈیمشن کوڈ کے موئثر ہونے کی آخری تاریخ لکھی ہوگی۔ ریڈیمشن کوڈ زیادہ سے زیادہ دو ایام کار کیلئے موثر ہوگا۔ صارف کو اپنا اصل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ / اسمارٹ کارڈ، اس کی فوٹو کاپی اور 8877 سے موصولہ ریڈیمشن کوڈ لے کر متعلقہ ای برانچ جانا ہوگا جہاں سے نئے نوٹ مل جائیں گے۔

واضح رہے کہ نئے نوٹوں کا فی کس کوٹا 10روپے کی دو گڈی اور 20 روپے کی ایک گڈی ہے جبکہ برانچ میں دستیابی کی صورت میں 50 روپے اور 100 روپے کے نوٹوں کی بھی ایک ایک گڈی مل سکتی ہے۔ ایک شناختی کارڈ / اسمارٹ کارڈ نمبر اور موبائل فون نمبر صرف ایک مرتبہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔ کسی مختلف موبائل فون نمبر سے وہی سی این آئی سی / اسمارٹ کارڈ نمبر، یا اسی موبائل فون نمبر سے کوئی اور سی این آئی سی / اسمارٹ کارڈ نمبر بھیجا گیا تو کوئی ٹرانزیکشن کوڈ جاری نہیں کیا جائے گا۔

بلکہ بھیجنے والے صارف کو اضافی لاگت ہی اٹھانی پڑے گی۔عوام کو معلومات / شکایات کی صورت میں مدد دینے کیلئے ایس بی پی بی ایس سی نے ایک ہیلپ ڈیسک 111-008-877 قائم کی ہے جس سے نیشن وائڈ ڈائلنگ کوڈ کے ذریعے رابطہ اس طرح ممکن ہے۔ پنجاب کیلئے 042 کوڈ، سندھ اور بلوچستان کیلئے 021 کوڈ اور خیبر پختونخوا،آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کیلئے 051 کوڈ، ہیلپ ڈیسک کی سہولت صرف دفتری اوقات میں میسر ہوگی۔

متعلقہ عنوان :