دانیال عزیز اور ماروی میمن کچھ سال پہلے پرویز مشرف کے ترجمان ہوا کرتے تھے اورآج نوازشریف کے حق میں بول رہے ہیں ، 2014کے دھرنے کے وقت ساری سیاسی پارٹیاں میاں نوازشریف کے ساتھ تھیں ،نوازشریف کا ویژن فیل ہوچکا ہے ، عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے پاؤں سڑکوں پر اور نظریں جی ایچ کیو پر ہوں گی

پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 14 جون 2016 23:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جون ۔2016ء ) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ دانیال عزیز اور ماروی میمن کچھ سال پہلے پرویز مشرف کے ترجمان ہوا کرتے تھے اورآج نوازشریف کے حق میں بول رہے ہیں ، 2014کے دھرنے کے وقت ساری سیاسی پارٹیاں میاں نوازشریف کے ساتھ تھیں ،نوازشریف کا ویژن فیل ہوچکا ہے ، عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے پاؤں سڑکوں پر اور نظریں جی ایچ کیو پر ہوں گی ۔

منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دانیال عزیز اور ماروی میمن کچھ سال پہلے پرویز مشرف کے ترجمان ہوا کرتے تھے اورآج نوازشریف کے حق میں بول رہے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں بجلی نہیں ہے اور گیس کی بھی سخت قلت ہے ، بارڈرز پر فائرنگ ہو رہی ہے جس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ میاں نوازشریف کا ویژن فیل ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید کے بعد اصل عید ہو گی اور نوازشریف کو گھر جانا پڑے گا کیونکہ اپوزیشن جماعتیں عید کے بعد سڑکوں پر ہوں گی ،اپوزیشن جماعتوں کے پاؤں سڑکوں پر اور نظریں جی ایچ کیو پر ہوں گی ۔

شیخ رشید نے کہا کہ طاہر القادری بھی دھرنا دینے کے لئے پاکستان آ رہے ہیں عمران خان ان کا ساتھ دیں یا نہ دیں مگر میں ضرور ان کا ساتھ دوں گا، وہ بزرگ آدمی ہیں ، پاکستان کا بھلا سوچتے ہیں اور بھکاؤ نہیں ہیں ۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت پر آصف زرداری کا قبضہ ہے مگر عوام بلاول بھٹو کو پسند کرتی ہے اور وہ عوام میں مقبول ہیں ۔ بلاول کو چاہیے کہ (ن) لیگ سے مفاہمت کی سیاست ختم کر کے اپنا گراف بڑھائے ۔