مہاجروں کو تقسیم کرنے کا خواب پورا نہیں ہوگا،ڈاکٹر سلیم حیدر

بدھ 15 جون 2016 23:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جون ۔2016ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجروں کو تقسیم کرنے کا خواب کبھی پورانہیں ہوسکے گا۔ کیونکہ ہزاروں جانوں کی قربانیوں کے بعد مہاجر اپنے حقوق کیلئے متحد ہوچکے ہیں اور وہ مہاجر صوبے کے حصول کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ وہ کراچی کمیٹی کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر شہزاد الرحمن، اعجاز احمد نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا کہ مہاجر مسلسل ناانصافیوں اور زیادتیوں کے بعد سیسہ پلائی دیوار بن گئے ہیں اور اب وہ نہ تو کسی بازی گر اور شعبدے باز کے بہکاوے میں آئیں گے اور نہ ہی لاحاصل سیاست کرکے اپنا وقت برباد کریں گے کیونکہ مہاجروں کے پاس اب کھونے کیلئے کچھ بھی نہیں۔

(جاری ہے)

تاریخ کے جبر اور حکمرانوں کی ناانصافیوں نے مہاجروں کو فولاد بنادیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مہاجر قیادت کے دعویداروں نے سندھ کے مہاجروں کو مایوسی اور بے یقینی کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔ اس کے باوجود بھی مہاجر کسی اور طرح کی سیاست کو قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں کیونکہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اب ان کی بقاء کا واحد راستہ مہاجر صوبے کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ MIT مہاجر صوبے کی بانی جماعت ہے اور ہم سندھ کے مہاجروں کو نہ تو مایوس ہونے دیں گے او رنہ ہی انہیں اب مزید مشکلات میں مبتلا ہونے کو دیکھنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فوری طورپر مہاجروں کو تعلیم اور ملازمت میں ان کا جائز حق دیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :