Live Updates

مون سون کی آمد اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکموں اور اداروں کو متحرک کردار ادا کرنا ہے، شہباز شریف

سیکرٹری بلدیات کو اضلاع میں جا کر خود پیشگی انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینے کی ہدایت

بدھ 15 جون 2016 23:12

لاہور ۔15جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 جون ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا -جس میں مون سون کی آمد اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے پیشگی انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا-وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مون سون کی آمد اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے متعلقہ محکموں اور اداروں کو متحرک اور فعال کردار ادا کرنا ہے - متعلقہ محکمے اور ادارے پیشگی احتیاطی اقدامات اور ضروری انتظامات مکمل رکھیں -ڈرینوں اور سیور لائنوں کی صفائی کا کام وقت سے پہلے مکمل ہونا چاہیے - وزیر اعلی نے ڈرینوں اور سیور لائنوں کی صفائی کے کام کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمے اور ادارے موجودہیں اور ان کی بنیادی ذمہ داریاں بھی ہیں - محکموں اور اداروں کو اب کام کر کے دکھانا ہوگا اور نتائج دینا ہوں گے- انہوں نے کہا کہ واسا کے آلات اور مشینری کا تھرڈپارٹی آڈٹ کر کے رپورٹ پیش کی جائے - وزیر اعلی نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو ہدایت کی کہ وہ خود سائٹ پر جا کر وزٹ کریں اور صورتحال کا جائزہ لیں - انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کے روٹ پر پانی کے نکاس کا الگ سے خصوصی انتظام کیا جائے- محکمہ بلدیات کے پاس موجود آلات و مشینری کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے -مون سون کی آمد اور ممکنہ سیلاب کے تناظر میں متعلقہ مشینری اور آلات ہر قیمت پر چالوں حالت میں ہونے چاہیں-وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ سیکرٹری بلدیات اضلاع میں جا کر خود پیشگی انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیں-انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورت میں محکمہ صحت کے پاس ضروری ادویات اور ساز و سامان موجود ہونا چاہیے - سانپ کے ڈسنے سے متعلقہ دوائی اضلاع میں وافر مقدار میں دستیاب ہونی چاہیے -انہوں نے کہا کہ انتظامات اور تیاریوں کی موثر مانیٹرنگ انتہائی ضروری ہے - اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے پیشگی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی-صوبائی وزراء رانا مشہود احمد، یاور زمان ، بلال یاسین ، محمد شفیق ، تنویر اسلم ملک ، خواجہ احمد حسان ، ایم پی اے چوہدری شہباز احمد، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز صاحبان نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :