طاہر القادری کا دھرنا ماڈ ل ٹاؤن کے شہدا کیلئے نہیں چندہ اکھٹا کرنے کیلئے ہے ،حافظ حمداﷲ

جمہوری ادارے بڑی سیاسی جماعتوں کی منفی سیاست کی وجہ سے کمزور ہو رہے ہیں ،اگر جمہوری اداروں اور جمہوریت کو کچھ نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری سیاسی جماعتوں کی لیڈر شپ پر عائد ہوگی ،سیاسی جماعتوں کے درمیان جنگ احتساب کیلئے نہیں بلکہ تخت لاہور اور تخت اسلام آباد پر قبضے کیلئے ہو رہی ہے،آن لائن سے خصوصی گفتگو

جمعہ 17 جون 2016 23:01

طاہر القادری کا دھرنا ماڈ ل ٹاؤن کے شہدا کیلئے نہیں چندہ اکھٹا کرنے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 جون ۔2016ء) جمعیت علماء اسلام کے رہنما سینیٹر حافظ حمد اﷲ نے کہاہے کہ طاہر القادری کا دھرنا ماڈ ل ٹاؤن کے شہدا کیلئے نہیں بلکہ چندہ اکھٹا کرنے کیلئے ہے ،جمہوری ادارے بڑی سیاسی جماعتوں کی منفی سیاست کی وجہ سے کمزور ہو رہے ہیں اگر جمہوری اداروں اور جمہوریت کو کچھ نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری سیاسی جماعتوں کی لیڈر شپ پر عائد ہوگی ،سیاسی جماعتوں کے درمیان جنگ احتساب کیلئے نہیں بلکہ تخت لاہور اور تخت اسلام آباد پر قبضے کیلئے ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آن لائن سے بات چیت کے دوران کیا انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے اس وقت سیاست سیاستدانوں کے ہاتھوں بدنام ہو رہی ہے انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے متاثرین کو انصاف دلانے کیلئے دھرنا نہیں دے رہے ہیں بلکہ اس بابرکت مہینے میں صدقات خیرات اور زکواۃ جمع کرنے کے لئے آئے ہیں ان کا دھرنا صرف اپنے کارکنوں اور عوام کی انکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت جمہوری ادارے بڑی سیاسی پارٹیوں کی منفی سیاست کی وجہ سے کمزور ہو رہی ہے اور خدانخواستہ اس سیاست سے جمہوریت یا جمہوری اداروں کو کوئی بھی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری ان پارٹیوں کے قائدین پر عائد ہوگی انہوں نے کہاکہ بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان احتساب کیلئے نہیں بلکہ اقتدار کیلئے جنگ جاری ہے ایک پارٹی تخت لاہور پر قبضے کے خواب دیکھ رہی ہے جبکہ دوسری جماعت تخت اسلام اباد پر قبضے کی کوششوں میں ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کو درپیش مسائل اور جمہوریت کی فکر کسی بھی سیاسی جماعت کو نہیں ہے ملکی مسائل کو پس پشت ڈالنے کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے ۔

۔