اپوزیشن احتساب کیلئے سنجیدہ نہیں، ٹی او آرز کی تیاری میں ان کے رویہ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ٹیلر میڈ قوانین بنانا چاہتی ہیں،وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا خصوصی انٹرویو

پیر 20 جون 2016 23:15

اسلام آباد ۔ 20 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جون ۔2016ء) وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے پاناما لیکس میں احتساب نوازشریف سے شروع ہو اور نوازشریف پر ختم ہو، وہ ٹیلر میڈ ٹی او آرز چاہتی ہیں۔ جمہوریت کی بقاء کیلئے خورشید شاہ کا بیان قابل ستائش ہے۔ انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ میں اپنے چیمبر میں خصوصی انٹرویو کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت ٹی او آرز میں چاہتی ہے کہ ایسا طریقہ کار وضع کیا جائے جس میں ہر وہ شخص جس کا نام پاناما پیپرز میں ہے ٹیکسوں میں معافی حاصل کرنے والوں میں ہے۔ قومی خزانہ لوٹنے والوں میں ہے سب کا احتساب ہونا چاہیئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن احتساب کیلئے سنجیدہ نہیں، ٹی او آرز کی تیاری میں ان کے رویہ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ٹیلر میڈ قوانین بنانا چاہتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ٹی او آرز کمیٹی میں بعض جماعتیں چاہتی ہیں کہ احتساب صرف میاں نوازشریف سے شروع ہو اور میاں نوازشریف پر ہی ختم ہو جائے ایسا نہیں ہوگا۔ احتساب ہونا ہے تو پھر بلاامتیاز سب کا ہونا چاہئے۔ اس میں ٹیکس چوروں ، قومی خزانہ لوٹنے والوں، قرضے معاف کرانے والوں اور پانامہ پیپرز میں جس جس کا نام ہے اس کا احتساب ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ سید خورشید شاہ ایک جہاں دیدہ سیاستدان ہیں جمہوریت کیلئے ان کی قربانیاں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے احتجاجی دھرنوں کے حوالے سے اس حد تک جہاں جمہوریت کو خطرہ ہو جانے کی بات کرکے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے بیان کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ویسے بھی جمہوریت کو بچانا اور فروغ دینا اکیلے حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ اپوزیشن جماعتیں بھی برابر کی ذمہ دار ہوتی ہیں۔ دھرنوں نے پہلے بھی ملک اور قوم کو نقصان پہنچایا، اب بھی ان کی کوشش یہی ہے مگر قوم اب ان کو پہچان چکی ہے،گمراہ نہیں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :