سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 63 ویں سالگرہ عقیدت و احترام سے منائی گئی

دنیا میں دوسری کوئی بھی سیاسی پارٹی نہیں ہے جس میں پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان نے قربانیاں دیں ہوں، دنیا میں ایسا کوئی بھی مثال موجود نہیں ہم سب جو کچھ ہیں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے باعث ہیں، دنیا کے سامنے محترمہ بینظیر بھٹو نے ثابت کیا کہ وہ ملک والی تھیں، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج

منگل 21 جون 2016 23:23

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جون ۔2016ء) سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 63 ویں سالگرہ عقیدت و احترام سے منائی گئی، گڑھی خدابخش بھٹو میں شہید بینظیر بھٹو کی مزار پر سالگرہ کی تقریبات کا آغاز قرآن خوانی سے کیا گیا جس میں کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی، قرآن خوانی کے بعد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی مزار پر حاضری دی، پھول نچھاور کیے اور خراج عقیدت پیش کیا۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 63 ویں سالگرہ کی تقریب پیپلز پارٹی کی جانب سے نوڈیرو ہاؤس میں منعقد کی گئی جس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بیٹیوں بختاور بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، سینیئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج احمد درانی، وزیر داخلہ سہیل انور سیال سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری نے 63 پاؤنڈ کا کیک کاٹا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنی ماں کی تصویر ہیں جو اپنی بہادر والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی طرح جدوجہد کررہے ہیں، دنیا میں دوسری کوئی بھی سیاسی پارٹی نہیں ہے جس میں پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان نے قربانیاں دیں ہوں، دنیا میں ایسا کوئی بھی مثال موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر پر جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو وطن واپس آئیں تو ان کے استقبال کے لیے دنیا کا بڑا اجتماع پہنچا یہ ان کی عظمت تھی اور پھر دنیا میں دیکھا کہ اس استقبال میں بلاسٹ ہوا تب جانثار کارکنان نہیں بھاگے اور ٹرک کے آگے آکر شہادتیں پیش کیں اس سانحے میں 174 کارکان شہید ہوئے اور اس واقعے کے دوسرے روز شہید محترمہ بینظیر بھٹو زخمی کارکنان کے عیادت کے لیے گئیں، ہم اس بہادر لیڈرشپ کے کارکن ہیں اور عوام کی بے لوث خدمت کررہے ہیں۔

سینیئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ آج ہم نوڈیرو کی مٹی کو سلام پیش کرنے آئے ہیں، 21 جون کا دن خوش نصیب دن ہے، شہید بینظیر بھٹو ہمارے اور عوام کے لیے پیدا ہوئیں اور زندگی کے ایسے سبق دے گئیں جو ہمیشہ یاد رہیں گے، انہوں نے اپنے والد کے مشن کے لیے دن رات محنت کی اور ورکروں کے ساتھ آمروں کو للکارا، شہید بینظیر بھٹو نے ایسا جوان تیار کیا ہے جو اپنے نانہ اور والدہ کی باتیں کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو 1988 کی طرح مضبوط کرنے کے لیے بلاول بھٹو نکلے ہیں اور ہم عوام کے ساتھ ملک کر چھوٹے عمر کے نوجوان کو وزیراعظم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دھرتی کے رکھوالے ہیں، سندھ اور پاکستان کو ہمیشہ جانیں دے کر بچاتے رہیں گے۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ ہم سب جو کچھ ہیں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے باعث ہیں، دنیا کے سامنے محترمہ بینظیر بھٹو نے ثابت کیا کہ وہ ملک والی تھیں، یہ روایت رہی ہے کہ جب بھی ملک پر مشکل وقت آیا تو بھٹو خاندان نے قربانیاں دیں، شہید بھٹو نے بھی 1971 میں ملک کو بچایا، شہید بینظیر بھٹو نے آمر ضیا کا مقابلہ کیا، جمہوریت کے چیمپین کھلوانے والے آمریکا والے شہید محترمہ بینظیر بھٹو سے جمہوریت سیکھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیں بلاول، بختاور اور آصفہ بھٹو کی صورت میں 3 تحائف دیئے ہیں جو ہمیشہ عوام کے ساتھ رہیں گے۔ تقریب میں خیرمحمد سیخ، عبدالفتاح بھٹو، محمد اسلم شیخ، غلام مصطفیٰ لغاری اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔