پاکستان کیخلاف لابنگ نہیں کررہا اور نہ ہی حکومت کی راہ میں رکاوٹیں حائل کررہا ہوں ‘ حسین حقانی

بدھ 22 جون 2016 12:21

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جون ۔2016ء) امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف لابنگ نہیں کررہے اور نہ ہی حکومت کی راہ میں رکاوٹیں حائل کررہے ہیں ‘ اپنی پالیسی کی ناکامی کا الزام مجھ پر لگا کر مجھے قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کی جانب سے امریکا میں سابق پاکستانی سفیر کی اپنے ہی ملک کے خلاف لابنگ کے بیان پر حسین حقانی نے ٹوئٹر پر اپنے رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وہ جانتے ہیں سرتاج عزیزنے قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے میری ہی طرف اشارہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اپنی ناکام پالیسیاں بدلیں اور مجھ پر الزام نہ لگائیں۔

(جاری ہے)

حسین حقانی نے کہاکہ وہ امریکا میں نہ ہی کوئی اسکالر ہیں اور نہ لابی کرتے ہیں، پاکستان کو امریکی معاملات میں جو مشکلات پیش آرہی ہیں اس کی وجہ وہ پالیسیاں ہیں جو اس نے اپنائی رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پالیسی کی ناکامی کا الزام مجھ پر لگا کر مجھے قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے۔پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں سردمہری کے تناظر میں حسین حقانی نے کہا کہ پاکستان کے امریکہ سے تعلقات میں مشکلات کی وجہ اس کی برسوں سے جہادیوں کی حمایت اور اس پر بہانے بنانا ہے کہ اس سے امریکی بہت کم متاثر ہو رہے ہیں پاکستان کے امریکی امداد پر انحصارکی وجہ سے اس کے بارے میں امریکی قومی مزاج اور رویے کے احساس میں تبدیلی آئی ہے۔

حسین حقانی نے کہا کہ انھوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نیٹ ورک نہیں قائم کیا تھااور نہ ہی افغانستان میں امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے والے طالبان کی حمایت کی اور نہ ہی اقوام متحدہ کی جانب سے قرار دیے جانے والے دہشت گرد گروپوں کو کھل عام سرگرمیوں کی اجازت دی تو اس میں اسی کوئی نکتہ نہیں کہ مجھے ان پالیسیوں کی ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے اور نہ ہی میں یا دوسرا کوئی سفیر اسامہ بن لادن کے واقعے کا ذمہ دار ہے۔

انھوں نے مشیر خارجہ کو مشورہ دیا کہ امریکہ میں موجود ایک سکالر کے خلاف اسلام آباد میں شور مچانے سے واشنگٹن میں چیزیں نہیں بدلیں گی۔واضح رہے کہ سرتاج عزیز نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے حسین حقانی کا نام لئے بغیر کہا تھا کہ امریکا میں ایک سابق پاکستانی سفیرملک کے خلاف لابنگ کرکے ہماری مشکلات میں اضافہ کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :