پاکستان کے شہر کراچی کو دنیا کا آٹھواں سستا ترین شہر قرار دے دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 22 جون 2016 12:27

پاکستان کے شہر کراچی کو دنیا کا آٹھواں سستا ترین شہر قرار دے دیا گیا

(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22جون 2016ء) : پاکستان کے شہر کراچی کو دنیا کا آٹھواں سستا ترین شہر قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک بین الاقوامی مشاورتی فرم کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کا شہر کراچی دنیا کے سستے ترین شہروں میں شامل ہے۔یہ سروے دنیا بھر کی کمپنیوں کے لیے مرسر نامی کمپنی کی جانب سے مرتب کیا گیاہے تاکہ کمپنیاں کسی شہر میں اپنے غیرملکی ملازمین کو دی جانے والی مراعات کا حساب کتاب کر سکیں۔

اس سالانہ فہرست میں دنیا بھر کے 209 شہر شامل ہیں جبکہ سروے میں 200 چیزوں کا خیال رکھا گيا ہے جن میں رہائش، ٹرانسپورٹ، کھانا، کپڑے، تفریح وغیرہ شامل ہیں۔اس فہرست میں کراچی کا نمبر 201 ہے یعنی وہ دنیا کے سستے ترین شہروں میں آٹھویں نمبر پر ہے تاہم گذشتہ برس یہ 205ویں پوزیشن تھا۔

(جاری ہے)

رواں سال سب سے سستا شہر نمیبیا کا وینٹہوک قرار دیا گیا ہے۔دوسری جانب بھارت کا غریب پرور کہلانے والا شہر کولکتا مزید سستا ہوا ہے اور رواں سال وہ 16ویں نمبر پر ہے۔

یہ فہرست کسی شہر میں باہر سے آنے والے افراد کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہے جبکہ مارچ کے مہینے میں معاشی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے ادارے اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) کے 133 شہروں کی فہرست میں سب سے سستے دس شہروں میں سے پانچ شہر انڈیا اور پاکستان کے تھے۔دو سال قبل ای آئی یو کی 131 شہروں کی فہرست میں رہائش اور خورد و نوش کے خرچ کے لحاظ سے کراچی دوسرے نمبر پر تھا جبکہ ممبئی پہلے نمبر پر۔رواں سال مرسر کے ذریعے کرائے جانے والے سروے کے دس سستے ترین شہر اس طرح ہیں:وینٹہوک (نمیبیا)، کیپ ٹاؤن (جنوبی افریقہ)، بشکیک (کرغستان)، بلانٹائر (ملاوی)، جوہانسبرگ (جنوبی افریقہ)، منسک (بیلاروس)، تیونس (تیونس)، کراچی (پاکستان)، گیبرونے (بوٹسوانا)، لوساکا (زیمبیا)۔

متعلقہ عنوان :