ہائیکورٹ کاکسانوں کی ادائیگیاں نہ کرنے پر برادر شوگر مل کو سیل کرنیکا حکم ،آئی جی کو شوگر کین کمشنر کی معاونت کی ہدایت

فاضل عدالت نے ادائیگیاں نہ کرنیوالی دیگر شوگر ملوں کے بی او ڈی کو بھی رقم کی فراہمی کا شیڈول لے کر 27 جون کو عدالت طلب کر لیا کسانوں کی زندگی انہی پیسوں پر چلتی ہے ،کسی کو کسانوں کی سانسیں بند کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی‘ جسٹس سید منصور علی شاہ کے ریمارکس

جمعہ 24 جون 2016 23:17

ہائیکورٹ کاکسانوں کی ادائیگیاں نہ کرنے پر برادر شوگر مل کو سیل کرنیکا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء)لاہور ہائیکورٹ نے کسانوں کی ادائیگیاں نہ کرنے پر برادر شوگر مل کو سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو شوگر کین کمشنر کی معاونت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ادائیگیاں نہ کرنے والی دیگر شوگر ملوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھی کسانوں کو رقم کی فراہمی کا شیڈول لے کر 27 جون کو عدالت طلب کر لیا جبکہ فاضل عدالت نے ریمارکس دئیے ہیں کہ کسانوں کی زندگی انہی پیسوں پر چلتی ہے ،کسی کو کسانوں کی سانسیں بند کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

جمعرات کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کسانوں کے وکلاء نے موقف اپنایا کہ نجی شوگر ملوں نے کسانوں کی جانب سے گنا فراہم کرنے کے باوجود82 کروڑ روپے کی ادائیگیاں نہیں کیں جس سے انہیں نئے سیزن کی کاشت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران فاضل عدالت نے کین کمشنر سے استفسار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود بینکوں کے پاس شوگر ملوں کی گروی رکھی گئی چینی بیچ کر کسانوں کو پیسوں کی ادائیگی کیوں نہیں کی گئی؟جس پر کین کمشنر نے موقف اپنایا کہ شوگر ملوں اور بینکوں کے درمیان لین دین کی بناء پر وہ مداخلت نہیں کر سکتے۔

فاضل عدالت نے ریمارکس دئیے کہ عدالت کو بینکوں اور شوگر ملوں کے درمیان طے پانے والے معاملے سے کوئی سروکار نہیں۔یہ قبول نہیں کہ کسانوں کے82 کروڑ روپے کی ادائیگی نہ کی جائے ،کسی کو بھی کسانوں کے پیسوں کو اس طرح ہضم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔فاضل عدالت نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پربرادر شوگرمل کو سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو شوگر کین کمشنر کی معاونت کرنے کی ہدایت کردی۔ فاضل عدالت نے ادائیگی نہ کرنے والی دیگر شوگر ملوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھی کسانوں کو رقم کی فراہمی کا شیڈول لے کر 27 جون کو عدالت میں طلب کر لیا۔یاد رہے کہ برادر شوگر ملز شریف برادران کے قریبی عزیزوں کی فیکٹری ہے۔