چیف جسٹس آف پاکستان کی کراچی میں سندھ کے اعلی افسران سے ملاقاتیں

اویس علی شاہ کی بازیابی کے اقدامات پر عدم اطمینان کا ظہار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 25 جون 2016 09:30

چیف جسٹس آف پاکستان کی کراچی میں سندھ کے اعلی افسران سے ملاقاتیں

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25جون۔2016ء) چیف جسٹس آف پاکستان مسٹرجسٹس انورظہیرجمالی نے سپریم کورٹ رجسٹری کراچی میں چیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری داخلہ، ڈی جی رینجرز ،آئی جی سندھ اور دیگر پولیس افسران سے ملاقاتیں کیں ، ملاقات کے دوران چیف جسٹس نے اویس علی شاہ کی بازیابی کے اقدامات سے عدم اطمینان کا ظہار کیا۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا اگر پولیس بروقت کارروائی کرتی تو صورتحال مختلف ہوتی۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان انور ظہیر جمالی کی طلبی پر ان کے چیمبر میں سب سے پہلے چیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری داخلہ سندھ نے ملاقات کی۔ دونوں افسران نے چیف جسٹس کو اویس شاہ کے اغوا کے بعد کی صورتحال اور بازیابی کے اقدامات پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس کے بعد آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ ، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر اور اویس شاہ اغوا کیس بازیابی کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے ارکان ڈی آئی جی ساﺅتھ منیر شیخ ، ڈی آئی جی سلطان خواجہ ، ایس ایس پی فاروق اعوان نے چیف جسٹس سے ملاقات کی۔

آئی جی سندھ نے اویس شاہ کے اغوا کے بعد کی صورتحال پر چیف جسٹس کو بریفنگ دی۔ اویس شاہ کی بازیابی کے لئے بنائی گئی کمیٹی نے چیف جسٹس کو بازیابی کے اقدامات سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ بعد میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے ملاقات کی ، ڈی جی رینجرز نے چیف جسٹس کو اویس شاہ کی بازیابی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کا اویس شاہ کی بازیابی کے اقدامات سے عدم اطمینان کا اظہار کیا اورچیف جسٹس نے پولیس افسران پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس بروقت کارروائی کرتی تو صورتحال مختلف ہوتی۔