میرے پاس جو ہیلی کاپٹر ہے ، وہ بابا آدم کے زمانے کا ہے ، وزیراعلیٰ سندھ

یہ ہیلی کاپٹر جام صادق علی نے خریدا تھا ۔ اب اگر نئے ہیلی کاپٹر کے لیے رقم رکھی گئی ہے تو اس پر اعتراض کیا گیا ہے ۔ اعتراض کرنے والے پتھر کے زمانے کی بات کر رہے ہیں، سید قائم علی شاہ

ہفتہ 25 جون 2016 22:32

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جون ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ہفتہ کو سندھ اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ میرے پاس جو ہیلی کاپٹر ہے ، وہ بابا آدم کے زمانے کا ہے ۔ ایک مرتبہ میں وفاقی وزیر داخلہ کے ساتھ بدین اسی ہیلی کاپٹر پر گیا ۔ واپسی پر یہ ہیلی کاپٹر اڑا اور 4 ، 5 سو فٹ اوپر جا کر دھڑام سے نیچے گرا ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ انہیں اپنی جان پیاری ہے ۔ وہ آئندہ اس میں سفر نہیں کریں گے ۔ میں اسی میں سفر کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہیلی کاپٹر جام صادق علی نے خریدا تھا ۔ اب اگر نئے ہیلی کاپٹر کے لیے رقم رکھی گئی ہے تو اس پر اعتراض کیا گیا ہے ۔ اعتراض کرنے والے پتھر کے زمانے کی بات کر رہے ہیں ۔ وہ ان پر اعتراض نہیں کرتے ، جو 100 روپے کے نوٹ میں سگریٹ کا تمباکو رکھ کر اور اسے سگریٹ بنا کر لوگوں کو دیتا تھا ۔

(جاری ہے)

جام صادق ایک رات میں کتنے ہزار یا کتنے لاکھ خرچ کر دیتے تھے ۔ اس پر بات نہیں کی جاتی ۔ اس پر مسلم لیگ (فنکشنل) کے جام مدد علی نے احتجاج کیا ۔ فنکشنل) کے دیگر ارکان نے بھی شور شرابہ کیا ۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ جام مدد علی جاگ پڑے ہیں ۔ ان کی بیٹری کیوں چارج ہو گئی ہے ۔ وزیر اعلی سندھ نے جام مدد علی سے کہا کہ آپ کو کیوں تکلیف ہو رہی ہے ۔ آپ پر تو الزام نہیں لگایا ۔