کلفٹن میں کثیر المنزلہ کمرشل عمارت میں لگی آگ پر 3 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا‘سیکورٹی گارڈہلاک

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 26 جون 2016 10:40

کلفٹن میں کثیر المنزلہ کمرشل عمارت میں لگی آگ پر 3 گھنٹے بعد قابو پا ..

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26جون۔2016ء)کراچی کے علاقے کلفٹن میں کثیر المنزلہ کمرشل عمارت میں لگی آگ پر 3 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا۔ کولنگ کا عمل جاری ہے، سیکورٹی گارڈ دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگیا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کلفٹن بلاک 4 میں واقع 9 منزلہ تجارتی عمارت کی پانچویں اور چھٹی منزلوں پر سحری کے وقت آگ بھڑک اٹھی، عمارت کی آٹھویں منزل سے ایک شخص کو مردہ حالت میں نکالا گیا۔

جاں بحق شخص سیکورٹی گارڈ تھا، دم گھٹنے سے جاں بحق ہوا۔عمارت میں پھنسے 12 افراد کو اسنارکل کی مدد سے نکال لیا گیا۔ریسکیو کے عملے نے جان پر کھیل کر لوگوں کو عمارت سے نکالا۔ اسنارکل چھٹی منزل سے آگے نہ جاسکی۔ آٹھویں منزل پر پھنسے3 افراد کو جان خطرے میں ڈال کر رسیوں کی مدد سے اسنارکل تک پہنچنا پڑا۔

(جاری ہے)

ایک عینی شاہد کے مطابق اے سی کمپریسر پھٹنے سے دھماکے ہوئے اور پھر آگ بھڑک اٹھی۔

چیف فائر افسر تحسین احمد کے مطابق پانچ فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل کی مدد سے آگ بجھائی گئی۔ صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو بھی ریسکیو کارروائی کا جائزہ لینے پہنچے، ان کاکہنا تھا کہ فرسٹ فائر رسپانس نہ ہونے کے باعث آگ بجھانے میں مشکل ہوتی ہے،فائر ڈپارٹمنٹ کے لیے ہیلی کاپٹر کی ضرورت ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد ہیلی کاپٹر خریدیں گے۔

یہ بات قابل تشویش ہے کراچی شہر میں فائر ڈیپارٹمنٹ کے پاس صرف ایک اسنارکل ہے اور وہ بھی چھٹی منزل سے اوپر نہیں جا سکتا جبکہ شہر میں متعدد کثیر المنزلہ عمارات ہیں۔ آگ لگنے کے باعث علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل کی گئی۔ اس دوران عمارت میں پھنسے 12 افراد کو سنارکل کی مدد سے نکالا گیا۔ آگ پر قابو پانے کے بعد عمارت کی چھت پر بیہوش ہونے والے والے دو افراد کو باری باری سٹریچر پر سیڑھیوں کے ذریعے اتارا گیا اور ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیر بلدیات جام خان شورو موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ کراچی میں لگنے والی آگ کے واقعات کی تحقیقات کی جائے گی۔ کثیر المنزلہ عمارت میں آگ پر قابو پانے کے سلسلے میں حکومت سے ایک ہیلی کاپٹر خریدنے کی درخواست کی جائے گی۔