آئی سی سی سالانہ کانفرنس (کل) سے ایڈنبرا میں شروع ہو گی،بگ تھری کے حوالے سے فیصلہ متوقع

کر کٹ میں جدید انقلابی تجاویز پر سوچ بچار ، مضبوط اور کمزور ٹیسٹ ٹیموں کو تقسیم کرنے کے فارمولے ، مجوزہ ون ڈے لیگ ، آئی سی سی ایونٹ کیلنڈر ، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2018میں کھیلنے کی منظوری دی جائے گی،پاکستان کی نمائندگی شہریار خان اور سبحان احمد کریں گے

اتوار 26 جون 2016 14:44

ایڈنبرا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جون ۔2016ء) انٹر نیشنل کر کٹ کونسل ( آئی سی سی) سالانہ کانفرنس (کل) پیر سے ایڈنبرا میں شروع ہو گی، کھیل کو نئے زمانے سے ہم آہنگ کرنے کیلیے انقلابی تجاویز پر سوچ بچار ہوگی، مضبوط اور کمزور ٹیسٹ ٹیموں کو ٹو ڈویژن کے نام پر تقسیم کرنے کے فارمولے پر غور کیا جائے گا، مجوزہ ون ڈے لیگ پر ممبربورڈز کے اختلاف دور کرنے کی کوشش ہوگی، آئی سی سی ایونٹ کیلنڈر اور انٹرنیشنل کرکٹ اسٹرکچر کو بہتر بنانے کا معاملہ سامنے آئے گا، فوری طورپر صرف 2018 میں اضافی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کھیلنے کی منظوری دی جائے گی، بگ تھری کے حوالے سے بھی فیصلہ متوقع ہے۔

پاکستان کی نمائندگی چیئرمین بورڈ شہریار خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کریں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا سالانہ کانفرنس ویک پیر سے شروع ہورہا ہے، ایڈنبرا میں پہلی بار انعقاد کے موقع پر50 ممبر ممالک کے وفود کی شرکت متوقع ہے۔ پیر کے روز آئی سی سی ایفیلیٹ ارکان کی میٹنگ ہوگی، منگل کو ایسوسی ایٹ ممبرز کا اجلاس ہوگا۔

منگل اور بدھ کو چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ ہے، بدھ کے ہی روز آئی سی سی گورننس ریویو کمیٹی سرجوڑ کر بیٹھے گی جس میں بگ تھری کے مستقبل پر غوروفکرہونا ہے، پانچ رکنی کمیٹی کی سربراہی نئے آئی سی سی چیئرمین ششانک منوہرکریں گے، انھوں نے عہدہ سنبھالنے سے قبل ہی گورننگ اصلاحات کا اعلان کیا تھا مگر اب انھیں خود اپنے ملکی بورڈ بھارت کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، بی سی سی آئی میں ششانک کی جگہ صدارت سنبھالنے والے انوراگ ٹھاکر کسی بھی صورت بھارتی ریونیو میں کٹوتی کو تیار نہیں ہیں، وہ بھی اعلان کرچکے کہ بگ تھری کی اجارہ داری کا میٹنگز میں دفاع کریں گے۔

جمعرات کے روز آئی سی سی ایچ آر کمیٹی، بورڈ میٹنگ اور پھر اسی روز فل کونسل میٹنگ ہوگی۔ جمعے کو فنانس اینڈ کمرشل افیئر کمیٹی اور ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگز ہیں، ہفتے کے روزآئی سی سی، آئی ڈی آئی اور بورڈ میٹنگز کے ساتھ ہی اس سلسلے کا اختتام ہوجائے گا۔