وزیراعظم محمد نوازشریف کی ہدایت پر سیکرٹری فواد حسن فواد کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ،وفاقی دارالحکومت میں حکومت کی جانب سے فراہم کردہ صحت کی سہولیات کی دستیابی اور معیار کا جائزہ لیا گیا، پولی کلینک کی 17 ڈسپنسریوں کو بہتر بنانے کیلئے 35 ملین روپے کی منظوری دیدی گئی

پیر 27 جون 2016 23:09

اسلام آباد ۔ 27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جون ۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف کی ہدایت پر وزیر اعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حکومت کی جانب سے فراہم کردہ صحت کی سہولیات کی دستیابی اور معیار اور حکومتی سطح پر صحت کی سہولیات کی فراہمی اور معیار کو بہتر بنانے کیلئے فوری پالیسی مرتب کرنے کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم کے سیکرٹری نے اجلاس کو بتایا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے گزشتہ 15 سال سے اسلام آباد میں حکومت کی سطح پر صحت کی سہولیات کی فراہمی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کے سیکرٹری نے اجلاس کو بتایا کہ مذکورہ اجلاس بامعنی ہو اور ہدایت کی کہ اجلاس کے مثبت نتائج آنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے اپنی آئی 10 اور جی 9 سیکٹرز میں واقع ڈسپسنسریوں کو زچہ و بچہ ہسپتالوں (ایم سی ایچ) میں اپ گریڈ کریگا جس میں ایک ماہر امراض اطفال اور ایک گائنا کالوجسٹ موجود ہوگی۔

ایک ایم سی ایچ سیکٹر ایف 11 میں بھی بنایا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے ڈسپنسریوں کو اپ گریڈ کرنے اور نئے ایم سی ایچ کی تیاری کیلئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے گا۔ آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن کے زیرانتظام آر ایچ سی سہالہ، آر ایچ سی بہارہ کہو، بی ایچ یو شاہ اللہ دتہ اور آر ایچ سی ترلائی کو بھی زچہ بچہ ہسپتال میں اپ گریڈ کرکے پمز کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ باقی ماندہ آر ایچ سیز اور بی ایچ یوز کو پولی کلینک سے منسلک کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پولی کلینک ان بی ایچ یوز ، آر ایچ سیز اور ایم سی ایچ میں اپنے پوسٹ گریجویٹ بھیجے گا جبکہ آئی سی ٹی ، بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز میں ڈاکٹروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ٹرانسپورٹ فراہم کریگا۔ ان ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی کی ذمہ داری پمز کی ہوگی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پولی کلینک سی ڈی اے کے ایم سی ایچ میں مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے میڈیکل سپیشلسٹ کا انتظام کریگا جبکہ کیبنٹ ڈویژن کے زیر انتظام چک شہزاد میں فیڈرل گورنمنٹ ہسپتال کو آپریشنلائیز اور اپ گریڈ بنانے کی ذمہ داری بھی پولی کلینک کی ہوگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے متعارف کردہ چار سطحی سروس سٹرکچر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد انتظامیہ کیڈ، سی ڈی اے یا کسی بھی دیگر وفاقی ادارے کے تحت قائم ادارہ میں قائم کرنے والے ڈاکٹروں کیلئے بھی اختیار کیا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کنٹریکٹ کی بنیاد پر ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی اس مقصد کیلئے تقرریوں پر عائد پابندی ختم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، معاون طبی عملہ کے لئے جہاں بھی اضافی آسامیوں کی ضرورت ہوئی نئی آسامیاں پیدا کی جائیں گی اور زچہ بچہ ہسپتالوں اور دیہی مراکزصحت اور شہری مراکز صحت کی کارکردگی کی بنیاد پر فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔

دیہی و شہری مراکز صحت اور زچہ بچہ صحت کے مراکز میں نادرا کی جانب سے ریکارڈ مرتب کرنے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم فراہم کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پمز میں خصوصی بلاک تعمیر کیا جائے گا جو 50 بستروں پر مشتمل برن یونٹ زچہ بچہ سنٹر اور 200 بستروں پر مشتمل گائناکالوجی سنٹر پنجاب کی طرز پر ٹراما سنٹر، 150 کنسلٹنٹ رومز پر مشتمل نئی او پی ڈی اور 200 بستروں پر مشتمل بچوڈ کا ہسپتال ، 50 بستروں پر مشتمل مرکزی آئی سی یو وارڈ ہوگا اور مرکزی آپریشن تھیٹر بھی اس میں شامل ہے۔

اجلاس میں ڈائیلاسز سنٹر کیلئے 20 ڈائیلاسز مشینوں کی فراہمی کیلئے بھی فنڈز کی منظوری کا فیصلہ کیا گیا جو کہ 2 ہفتوں میں مکمل طور پر آپریشنل ہو جائیں گے۔ اجلاس میں پولی کلینک کی 17 ڈسپنسریوں کو بہتر بنانے کیلئے 35 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پولی کلینک کیلئے ایک سٹی سکینر اور ایم آر آئی مشین کی خریداری کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں ڈاکٹروں اور معاون طبی عملہ کی خالی آسامیوں کو 2 ماہ میں پر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ پولی کلینک میں میڈیکل آفیسر کیلئے 100 نئی آسامیاں پیدا کی جائیں گی۔

اجلاس میں 100 میڈیکل اور 50 ڈیٹنل کالج کی نشستیں پیدا کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے رہائشیوں کے مطالبات کو پورا کرنے کیلئے وزیراعظم کے اعلان کردہ 1200 پر مشتمل ہسپتال قائم کیا جائے گا۔ اجلاس میں سیکرٹری کیڈ حسن اقبال، اسلام آباد میئر شیخ انصر عزیز، چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل، چیف کمشنر اسلام آباد ذوالفقار حیدر، پمز کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم، پولی کلینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :