جسٹس منصورعلی شاہ نے چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ اورجسٹس اعجازالاحسن نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 28 جون 2016 13:50

جسٹس منصورعلی شاہ نے چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ اورجسٹس اعجازالاحسن نے ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28جون۔2016ء) جسٹس منصورعلی شاہ نے چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جبکہ جسٹس اعجازالاحسن نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔ دونوں جج صاحبان کی حلف برداری کی تقریبات لاہورمیں ہوئیں۔لاہورہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس منصورعلی شاہ کی تقریبِ حلف برداری گورنر ہاﺅس میں ہوئی۔گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ان سے حلف لیا۔

حلف برداری کے بعد گورنر رجوانہ اور تقریب میں موجودوزیراعلیٰ شہباز شریف نے انہیں مبارک باد دی۔سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال،صوبائی وزیرِ قانون رانا ثناءاللہ اوروزیرِ تعلیم پنجاب رانا مشہود سمیت کابینہ کے دیگر ارکان،لاہورہائیکورٹ کے جج صاحبان اور سینئر وکلاءبھی تقریب میں موجودتھے۔

(جاری ہے)

حلف برداری کے بعدنئے چیف جسٹس منصورعلی شاہ لاہور ہائی کورٹ پہنچے تو پولیس کے چاک وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی جبکہ لاہور ہائی کورٹ کی انتظامیہ کی جانب سے گلدستہ پیش کیا گیا۔

اس سے پہلے سابق چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس اعجازالاحسن نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا ،ان کی تقریبِ حلف برداری سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہوئی ،چیف جسٹس سپریم کورٹ انور ظہیر جمالی نے جسٹس اعجازالاحسن سے حلف لیا۔

متعلقہ عنوان :