قرآن اور پاکستان شب قدر کے تحفے، پاکستان سے محبت ایمان ہے‘ڈاکٹر طاہر القادری

دہشت گردی اور انتہا پسندی نے انسانیت کی فلاح کیلئے آنے والے دین کی تعلیمات کو نقصان پہنچایا سربراہ عوامی تحریک کا شب قدر کے موقع پر بغداد ٹاؤن شہر اعتکاف میں خطاب

ہفتہ 2 جولائی 2016 22:43

قرآن اور پاکستان شب قدر کے تحفے، پاکستان سے محبت ایمان ہے‘ڈاکٹر طاہر ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بغداد ٹاؤن شہر اعتکاف میں شب قدر کے موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ پاکستان رمضان المبارک کے مقدس مہینے اور برکتوں والی رات کا تحفہ ہے اسے نقصان پہنچانے والوں کا انجام دنیا دیکھے گی۔پاکستان رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا اور یہ اسلام کا قلعہ اور حقیقی تجربہ گاہ بنے گا۔

اسلام کے نام پر گلے کاٹنے والے اس دنیا میں بھی عبرتناک انجام سے دو چار ہونگے اور آخرت میں بھی ان کا ٹھکانہ جہنم ہے۔عوام تنگ نظری،انتہا پسندی کو مسترد کردیں۔27 ویں رمضان المبارک کی مقدس رات شہر اعتکاف میں ہزاروں مرد و خواتین شریک ہوئے۔کراچی، کوئٹہ، پشاور سے ایک بڑی تعداد نے شب قدر کی رات سربراہ عوامی تحریک کا خطاب سنا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ تنگ نظری اور تعصب پر مبنی باطل فکر نے عالم انسانیت کی فلاح کیلئے آنے والے دین کی برادرانہ اخوت پر مبنی تعلیمات کو نقصان پہنچایا۔

یہی عناصر پاکستان کی سالمیت کے بھی درپے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ پاکستان کے دشمن نیست و نابود ہونگے کیونکہ پاکستان لیلةالقدر کا تحفہ ہے اور یہ اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات اعتدال پر مبنی ہیں یہ تعلیمات قلب و اذہان کو وسعتوں کی نئی بلندیوں سے ہمکنار کرتی ہیں۔ اسلام کا نام لیوا کسی بے گناہ کی جان نہیں لے سکتا۔

بے گناہوں کی جانیں لینے والے اجرتی قاتلوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔انسانی جان کے تحفظ اور اس کی حرمت کی گارنٹی قرآن پاک نے دی ہے۔ قرآنی تعلیمات نے صرف مسلمان نہیں بلکہ ہر انسان کی زندگی کو قیمتی قرار دیا ہے اس لیے انتہا پسندی اور خارجیت خارج از اسلام ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان قرآن سے تعلق جوڑیں اور قرآن کو سمجھنے کیلئے عربی سیکھیں اور خلوص نیت کے ساتھ قرآنی علوم کا مطالعہ کریں ایسا کرنے سے ان کی آنکھوں پر پڑے ہوئے پردے ہٹ جائینگے ۔

انہوں نے کہا کہ دین اسلام ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑنے اور بچھڑے ہوئے کو ملانے والا دین ہے۔یہ واحد ضابطہ حیات ہے کہ جس نے اپنے بھائی سے نفرت اور قطع تعلقی سے منع کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ روزہ داروں کے ساتھ حسن سلوک کرنے والوں کو اللہ پسند کرتا ہے مگر افسوس اخلاقی گراوٹ اس نہج تک پہنچ چکی ہے کہ روزہ داروں کو لوٹنے سے بھی گریز نہیں کیا جاتااس میں حکومتی ذمہ داران بھی ملوث ہیں۔

40 ڈگری کے درجہ حرارت بھی غریب روزہ دار بجلی کو ترستے رہے حالانکہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ سحر و افطار کے موقع پر لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی مگر لوڈشیڈنگ نے چیخیں نکلوادیں۔ہمیں بھی شہر اعتکاف میں معتکفین کی سہولت کیلئے اور بجلی کی بلاتعطل ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے جنریٹرز کا سہارا لینا پڑا اور بھاری اخراجات برداشت کرنا پڑے۔عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم کرنے والے موجودہ حکمران انتہا پسندی کی ہر حد عبور کر چکے ہیں نہ یہ لوڈشیڈنگ ختم کر سکے اور نہ ہی غریب عوام کو سستی اشیائے خورونوش فراہم کر سکے۔

سستی اشیاء کی فراہمی کے نام پر ساڑھے 6ارب روپے کی خطیر رقم سبسڈی کے نام پر مختص کی گئی مگر غریب روزہ دار سستی اشیائے خورونوش سے محروم رہے رہی سہی کسر عید سے قبل آنے والے واپڈا کے بلوں نے نکال دی ہے ۔غریب خاندان بجلی کے بل ہاتھ میں پکڑے فکر مند ہیں کہ وہ بجلی کا بل ادا کریں یا اپنے بچوں کیلئے نئے کپڑے خریدیں۔سربراہ عوامی تحریک نے اپنے خطاب میں پاکستان کی سلامتی، خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :