عید الفطر پر اسلام آباد سے ہنزہ نگر جانے والی کار بابوسرٹاپ کے مقام پر کھائی میں جا گری ‘خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق ‘ خوشیوں بھرا گھر ماتم کدہ بن گیا

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر ‘ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن‘ گورنر میر غضنفر علی خان کا ہلاکتوں پر اظہار افسوس

اتوار 3 جولائی 2016 22:58

چلاس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3جولائی۔2016ء) عید الفطر پراسلام آباد سے ہنزہ نگر جانے والی کار بابوسرٹاپ کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں جا گری ، افسوسناک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق ہو گئے جس سے خوشیوں بھرا گھر ماتم کدہ بن گیا۔ عید سے قبل ہونے والی ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی ہلاکت پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر ‘ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن‘ گورنر میر غضنفر علی خان نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اتوار کوہنزہ نگر سے تعلق رکھنے والا لیاقت علی اہلیہ اور بچوں سمیت عید منانے کے لئے اسلام آباد سے اپنے آبائی علاقے جا رہا تھا کہ ان کی گاڑی بابوسرٹاپ کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں جا گری ، افسوسناک حادثے میں دو خواتین دو بچے اور دو مرد جاں بحق ہو گئے ۔ ریسکیو حکام کے مطابق لاشوں کو کھائی سے نکال کر آبائی علاقے منتقل کر دیا گیا۔ مرنے والوں میں لیاقت علی،اس کی اہلیہ ،دو بچے اور خاندان کے دیگر دو افراد شامل ہیں ۔ جبکہ ہلاکتوں پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر ‘ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن‘ گورنر میر غضنفر علی خان نے افسوس کا اظہار کیا ہے