سیکرٹری آر ٹی اے رحیم یار خان کا مختلف پبلک ٹرانسپورٹ سٹینڈز کا دورہ، مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

پیر 4 جولائی 2016 14:13

رحیم یارخان۔ 4 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 جولائی۔2016ء) سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کے احکامات اورڈی سی او کی ہدایت پر سیکرٹری آر ٹی اے ریاست علی کا مختلف پبلک ٹرانسپورٹ سٹینڈز کا دورہ‘ مسافروں سے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے وصول کئے جانیوالے کرایہ بارے معلومات حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب نے احکامات جاری کئے ہیں کہ عیدالفطر کے موقع پر بس مالکان کی جانب سے مسافروں کا استحصال نہیں ہونے دیا جائے اور مقررہ کرایہ کی وصولی یقینی بنائی جائے ۔

جس پر ڈی سی او نے سیکرٹری آر ٹی اے رحیم یارخان ریاست علی کی سربراہی میں چاروں تحصیلوں میں کمیٹیاں تشکیل دے دیں جو اچانک بس سٹینڈز اور روڈ پر مسافر بسوں کو روک کر کرایوں بارے معلومات حاصل کریں گی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری آر ٹی اے ریاست علی نے نیوبس سٹینڈ‘ خانپور اڈا‘ تھلی مہاتماں اور سکھر اڈا پر واقع بس سٹینڈز کے اچانک دورے کئے اور بسوں میں سوار مسافروں سے کرایوں بارے معلومات حاصل کیں۔

اس موقع پر انہوں نے مسافروں سے کہا کہ زائد کرایہ ہرگز نہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے بس مالکان کے خلاف سخت کاررو ائی عمل میں لائی جائے گی اور موقع پر ہی بس کا روٹ پرمٹ اور ڈرائیور کا لائسنس منسوخ کردیاجائے گا۔ انہوں نے مسافروں سے کہا کہ بس مالکان کی جانب سے زائد کرایہ وصول کرنے کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کے ٹال فری نمبر 0800-33444پر رابطہ کرکے اپنی شکایات درج کرواسکتے ہیں جس پر فوری کاررو ائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :