وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے ٹیلیفون پر رابطہ،الیکشن کمیشن کے اراکین کا تقرر آئین میں طے شدہ 45 دن کی مدت میں مکمل کرنے پر اتفاق

پیر 4 جولائی 2016 22:57

اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے سکھر میں ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور انہیں الیکشن کمیشن کیلئے وزیراعظم کی طرف سے تجویز کردہ ناموں کے بارے میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

پیر کو وزارت خزانہ سے جاری ایک بیان کے مطابق خورشید شاہ نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ انکی طرف سے الیکشن کمیشن کیلئے مجوزہ ناموں کی فہرست عید تک مکمل کر لی جائے گی اور 11 جولائی کے بعد کسی بھی دن مجوزہ ناموں کی فہرست کا رسمی تبادلہ کر لیا جائے گا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے اس امر پر مکمل اتفاق کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اراکین کا تقرر عید کے بعد جلد از جلد آئین میں طے شدہ 45 دن کی مدت کے مطابق 25 جولائی تک مکمل کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے سابق اراکین کے عہدوں کی میعاد 10 جون کو ختم ہو گئی تھی۔