ضلع مردان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور متعدد زخمی

طوفانی بارش کے نتیجے میں متعدد مکانات کی چھتیں گر گئیں دیواریں منہدم چترال میں سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 29 ہے 11 افراد تاحال لاپتہ ہیں حکام

جمعہ 8 جولائی 2016 15:48

مردان /چترال(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) ضلع مردان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے خیبر پختونخوا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہونے والی طوفانی بارش کے نتیجے میں متعدد مکانات کی چھتیں گر گئیں اور دیواریں منہدم ہو گئیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ بارش کے نتیجے میں ضلع مردان کی تحصیل تخت بھائی کے علاقے شیر گڑھ اور پیر سیدی میں چار افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کی ویب سائٹ پر موجود تفصیلات کے مطابق صوبے کے دور افتتادہ ضلع چترال میں بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 29 ہے 11 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔جاں بحق ہونے والوں میں 21 مرد، 2 خواتین اور چار بچے شامل ہیں۔