آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تصادم 5 افراد جاں بحق متعدد زخمی ہو گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 10 جولائی 2016 15:32

آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تصادم  5 افراد ..

مظفر آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10جولائی۔2016ء) آزاد کشمیر کے علاقے حویلی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تصادم اور فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔ آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے خورشید راٹھور کی عید ملن پارٹی کے دوران (ن) اورپیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا، دونوں جانب سے ہاتھوں، لاتوں اور مکوں کے ساتھ فائرنگ کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہو گئے۔

واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے ریاست کے مختلف علاقوں میں دکانیں جلائیں اور توڑ پھوڑ کی جس سے لوگوں کی املاک کو شدید نقصان پہنچا جب کہ تجارتی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔

(جاری ہے)

فائرنگ سے سابق وزیرچودھری عزیز سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے جنھیں ضلع باغ کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے جسم میں پیوست 4 گولیاں نکالی گئیں جب کہ 2 گولیاں پمز کے ڈاکٹروں نے نکالیں جس کے بعد ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

تصادم کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ آج حویلی میں ادا کی گئی جب کہ مسلم لیگ (ن) آج آزاد کشمیرمیں یوم احتجاج منارہی ہے۔ حالات پر قابو پانے کے لئے مظفر آباد اور پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی ہے۔ اس کے علاوہ حالات کو بہتر بنانے کے لئے پاک فوج سے جوان بھی طلب کئے گئے ہیں۔دوسری جانب ڈی سی حویلی طاہرمحمود کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حویلی میں حملوں کے 2 مقدمات درج کروائے گئے ہیں، ایک مقدمہ میں 12 اوردوسرے میں 44 افراد کو نامزد کیا گیا ہے جن میں پیپلز پارٹی کے وزیر بجلی فیصل راٹھور بھی شامل ہیں، فیصل راٹھور کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔