وزیرداخلہ کی اصغر خان کیس کی ا بتدائی تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرانے کی ہدایت ، ایف آئی اے کو میگا کرپشن کیسوں کی انکوائری ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ٹاسک

اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری مہم کے دوران گزشتہ 100 دنوں میں1800ملزمان کو گرفتارکیا گیا ، 769کے شناختی کارڈزبلاک،1139 کے پاسپورٹ بلیک لسٹ، 581بینک اکاؤنٹس منجمداور 826کے موبائل فونز ٹریس کرلئے گئے ہیں،کراچی میں چائنہ کٹنگ کی انکوائری مکمل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر 7کروڑ50لاکھ روپے برآمد کئے گئے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ کو ایف آئی اے حکام اور دیگر کی بریفنگ

منگل 12 جولائی 2016 20:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 جولائی ۔2016ء ) وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے ایئر مارشل(ر)اصغر خان کیس کی ا بتدائی تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرانے کی ہدایت کردی اور ایف آئی اے کو میگا کرپشن کیسوں کی انکوائری ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔وزیرداخلہ کو بتایا گیا ہے کہ اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری مہم کے دوران گزشتہ سو دنوں میں1800ملزمان کو گرفتارکیا گیا جبکہ 769کے شناختی کارڈزبلاک،1139 کے پاسپورٹ بلیک لسٹ، 581بینک اکاؤنٹس منجمداور 826کے موبائل فونز ٹریس کرلئے گئے ہیں،کراچی میں چائنہ کٹنگ کی انکوائری مکمل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر 7کروڑ50لاکھ روپے برآمد کئے گئے ہیں۔

منگل کو وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیرصدارت وزارت داخلہ میں ایک اجلاس ہوا،اجلاس میں سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری انسداد منشیات ڈویژن،سپیشل سیکرٹری داخلہ،آئی جی اسلام آباد،ڈی جی پاسپورٹ اوردیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ کو ایف آئی اے کی طرف سے میگا کرپشن کیسوں کی تحقیقات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایگزیکٹ ،اے کے ڈی، ٹڈاپ ،ای او بی آئی ،ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ اور پی ایس او سکینڈل کی تحقیقات مکمل کرکے چالان عدالتوں میں جمع کردیئے گئے ہیں۔

وزیرداخلہ نے کراچی میں چائنہ کٹنگ کیس کی انکوائر ی کامیابی سے مکمل کرنے پر ایف آئی اے کے کردار کو سراہا ،وزیرداخلہ کو بتایاگیا کہ چائنہ کٹنگ کیس میں نیب کے تعاون سے دوملزمان کو گرفتارکیا گیاہے اور ایک ملزم نے ساڑھے سات کروڑ روپے رضاکارانہ طورپر واپس کردیئے ہیں۔ایف آئی اے نے اصغر خان کیس پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس کیس کی تحقیقات اس لئے مکمل نہیں ہورہی ہیں کیونکہ اس کیس میں سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی ایک اپیل بھی زیرسماعت ہے جس پر وزیرداخلہ نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ اصغر خان کیس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی جائے۔

وزیرداخلہ نے زیرالتواء انکوائریاں مکمل کرنے کے لئے ایف آئی اے کو ایک ماہ کی مہلت دی ہے اور عدالتوں میں کیسوں کی پیروی کے لئے ایف آئی اے کو سپیشل پراسیکویٹررز کی فراہمی کی بھی ہدایت کی ہے۔وزیرداخلہ کو اسلام آباد پولیس ،ایف آئی اے اور اے این ایف کی جانب سے بتایا گیا کہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے جاری مہم کے دوران گزشتہ سو دنوں میں1800ملزمان کو گرفتارکیا گیاہے،769اشتہاری ملزمان کے شناختی کارڈزبلاک،1139 کے پاسپورٹ بلیک لسٹ، 581بینک اکاؤنٹس منجمداور 826کے موبائل فونز ٹریس کردیئے گئے ہیں،وزیرداخلہ نے اشتہاری ملزمان کی گرفتار یوں کے لئے جاری مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رواں ماہ کے آخر تک اور حوالے سے ایک پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرداخلہ کو بتایا گیا کہ اشتہاری ملزمان کاسینٹرل ڈیٹا بینک قائم کردیا گیاہے جو تمام قانون نافذکرنے والے اداروں کو شیئر کیا جائے گا۔وزیرداخلہ نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ زمینوں کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائز ڈ کرنے کے لئے صوبوں کے چیف سیکرٹریز سے فوری طورپر رابطہ کیا جائے،اس سے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مدد حاصل ہوسکے گی بلکہ جرائم پیشہ افراد کی دوسرے اضلاع میں جائیدادوں کا بھی پتہ چل سکے گا۔