نادرا کا قومی شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کے عمل کو بھی کمائی کا ذریعہ بنانے کافیصلہ ، وزارت داخلہ سے فی خاندان 15روپے مانگ لئے،تصدیق پر اٹھنے والے والے اخراجات شہریوں سے بھی وصول کرنے کی تجویز زیرغور،ری ویریفکیشن کا عمل تعطل کا شکار

وزیرداخلہ نے معاملے کے حل کیلئے وفاقی سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی

منگل 12 جولائی 2016 23:07

نادرا کا قومی شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کے عمل کو بھی کمائی کا ذریعہ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 جولائی ۔2016ء ) نادرا نے قومی شناختی کارڈز کی دوبار تصدیق کے عمل کو بھی کمائی کا ذریعہ بنانے کافیصلہ کرلیا ۔چیئرمین نادرا نے وزارت داخلہ سے فی خاندان تصدیق کے 15روپے مانگ لئے ہیں۔تصدیق پر اٹھنے والے والے اخراجات شہریوں سے بھی وصول کرنے کی تجویز زیرغورہے، وفاقی وزیرداخلہ نے معاملے کے حل کے لئے وفاقی سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی۔

منگل کوسرکاری ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کو یکم جولائی سے قومی شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن12روز گزرنے کے باوجود نادرا کی طرف سے ابھی تک شہریوں کو ان کے شناختی کارڈز کی تصدیق کے لئے نادرا کی طرف سے ایس ایم ایس نہیں کیا گیا،یہ ایس ایم ایس خاندان کے سربراہ کو کیا جانا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نادرا نے شناختی کارڈز کی تصدیقی مہم کو ابھی تک اس لئے شروع نہیں کیا کہ اس مہم پر اٹھنے والے اخراجات نادرا نے وزارت داخلہ سے مانگ رکھے ہیں اور فی خاندان15روپے وزارت داخلہ کو ادا کرنے کا کہاگیاہے۔ذرائع کے مطابق اس کمیٹی کا ایک اجلاس بھی ہوا ہے جس میں ابھی تک یہ معاملہ حل نہیں ہوسکاہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تصدیق کے عمل پر آنے والے اخراجات شہریوں سے وصول کرنے کی تجویز زیرغور ہے اور اس کے لئے موبائل فون کمپنیوں کو ایس ایم ایس کی مد میں وصولیوں کا ٹاسک دیا جا سکتا ہے۔