کشمیریوں کی آواز بندوق کی نوک پر دبائی نہیں جا سکتی۔نوازشریف

کشمیریوں کے موقف کو ہر فورم پر اٹھائیں گے،وطن عزیز میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں،تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات میں ہے،اپوزیشن سے مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل حل کرنے کیلئے تیار ہیں،احتجاجی سیاست سے ملک کی ترقی میں رکاوٹ پیداکرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔وزیراعظم کی مولانا فضل الرحمن سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 13 جولائی 2016 16:44

کشمیریوں کی آواز بندوق کی نوک پر دبائی نہیں جا سکتی۔نوازشریف

لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13جولائی 2016ء) :وزیر اعظم محمدنواز شریف سے انکی رہائشگاہ جاتی امرا ء میں آ ج جے یو آئی(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی،جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور ٹی او آرز پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری محاز آرائی سمیت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پرگفتگو کی گئی۔

اس موقعہ پر ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف ،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور اکرم درانی بھی شریک تھے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اپوزیشن سے مذاکرات اور انہیں اعتماد میں لینے کی کوششوں کو جاری رکھا جائے گا۔وزیر اعظم نواز شریف نے سربراہ جے یوآئی(ف)سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ظلم کی انتہا کردی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام پربھارتی ظلم و جبر کا بہت افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز بندوق کی نوک پر دبائی نہیں جا سکتی۔کشمیریوں کے موقف کو ہر فورم پر اٹھائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ وطن عزیز میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ ملک میں امن و امان اور ترقی و خوشحالی کے لئے کام جاری ہے ۔تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات میں ہے۔اپوزیشن سے مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل حل کرنے کیلئے تیار ہیں ۔احتجاجی سیاست سے امن و امان کی صورتحال خراب اور ملک کی ترقی میں رکاوٹ پیداکرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کو عوام کبھی قبول نہیں کرے گی۔