آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ،مارشل لا کے لئے فوج کو آنے کی دعوت پر مبنی بینرز و پینا فلیکسز بہت خطرناک رجحان ہے ‘ لیاقت بلوچ

آرٹیکل 6 کی کھلی خلاف ورزی ہے ،وفاقی و صوبائی حکومتیں ایسے عناصر گرفتار کریں ،عدالت میں مقدمات چلائے جائیں ‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

بدھ 13 جولائی 2016 20:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جولائی ۔2016ء ) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے ملک بھر میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع اور بعض عناصر کی جانب سے مارشل لا کے لئے فوج کو آنے کی دعوت پر مبنی بینرز و پینا فلیکسز کے حوالے سے کہا کہ یہ بہت خطرناک رجحان ہے اور آرٹیکل 6 کی کھلی خلاف ورزی ہے ،وفاقی و صوبائی حکومتیں ایسے عناصر گرفتار کریں اور عدالت میں مقدمات چلائے جائیں پاکستان اب کسی بھی نئی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہوسکتا ،بدعنوان اور کرپٹ عناصر اب عوام کے شکنجے میں آنے والے ہیں، عدالتی کمیشن اور مؤثر نظامِ احتساب سے بچنے کے لئے وہ ہر حربہ استعمال کررہے ہیں لیکن بچ نہیں سکیں گے فرار کے سارے راستے بند ہوچکے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع میانوالی کے دفتر میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی امیر حافظ جاوید اقبال ساجد بھی موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے لئے یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے کہ وہ عدالتی کمیشن میں جواب دیں اور عدل و انصاف کے تقاضوں کو پورا کریں یا پھر سڑکوں اور چوراہوں پر عوامی احتساب کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہوجائیں۔

اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری ،عدالتی کمیشن اور ٹی او آر کے حوالے سے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس معاملے میں اپوزیشن کا مؤقف ایک ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کی شہادت آزادی کشمیر ،الحاق پاکستان بھارت سے نجات اورحق خود ارادیت کے لئے ایک نئی لہر پیدا کردی ہے اور کشمیر کے عوام اس حوالے سے متحد و یکسو ہیں نریندر مودی انسانی حقوق کو پامال کررہے ہیں قابض بھارتی افواج نے ظلم کی انتہا کررکھی ہے حکومت پاکستان بھارت سے توقعات کا ناجائز سلسلہ بند کرے۔

سفارتی و عالمی سطح پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا جائے لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے زبردست سفارتی سرگرمیاں بحال کی جائیں انہوں نے اعلان کیا کہ 15 جولائی کو سعودی عرب میں اور خاص طور پر مسجد نبویﷺ میں دہشت گردی کے واقعات اور کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی آئین جمہوریت اور عدالت کو ڈی ٹریک کرنے کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبار ک اور عید کے بعد لوڈشیڈنگ وبال جان بن گئی ہے عوام کو ناجائز اضافی بل بھیجے جاتے ہیں لیکن کوئی پرسان حال ہے نہ کوئی فریاد سننے والا ہے یہ سلسلہ بند کیا جائے اور عوام کو وعدوں کے لولی پاپ سے بہلانے کی بجائے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں اور ناجائز اضافی بلوں کے حوالے سے ذمہ دارعناصر کے خلاف ایکشن لیا جائے۔