پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں مقبوضہ کشمیر کے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے،وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر

ہمارے حوصلے بلند ہیں، پاکستان سے محبت کرتے ہیں،بھارتی حکومت اور قابض افواج کے ہاتھوں بدترین تشدد اور مظالم کا سامنا ہے،عالمی فورمز پر آواز بلند کی جائے،آسیہ اندرابی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 13 جولائی 2016 23:12

اسلام آباد ۔ 13 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 جولائی ۔2016ء) وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) جمعہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف یوم مذمت منائے گی اور مقبوضہ وادی کے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے آزاد کشمیر میں انتخابی مہم معطل رکھے گی۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں مقبوضہ کشمیر کے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور پاکستان بے گناہ لوگوں کے خلاف بھارتی افواج کے مظالم کی مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنی پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ جمعہ کو آزاد کشمیر میں اپنی انتخابی مہم معطل کر دے اور اس دن کو قابض افواج کی بربریت کا نشانہ بننے والے بے گناہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم مذمت کے طور پر منائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس معاملے پر کابینہ کا خصوصی اجلاس بھی طلب کیا ہے جبکہ دفتر خارجہ نے یورپی اور مسلمان ممالک کے سفارتکاروں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے سفارتکاروں کو اس معاملے سے آگاہ کیا ہے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی کی حکومت پر تنقید کے حوالے سے کہا کہ اس معاملے پر سیاست کرنے کی بجائے یہ وقت ٹھوس تجاویز دینے کا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور انہوں نے حکومت کی طرف سے عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہ کرنے کی کوششوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے جڑا ہوا ہے۔

حریت لیڈر آسیہ اندرابی نے پروگرام کے دوران پاکستان کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آزادی کی جدوجہد میں انکی حمایت کرے اور انکی آواز عالمی برادری میں اٹھائے کیونکہ بھارتی افواج نے تمام حریت قیادت کو گرفتار کر رکھا ہے اور ان کے ٹیلیفون بھی منقطع کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارتی حکومت اور قابض افواج کے ہاتھوں بدترین تشدد اور مظالم کا سامنا ہے، وہ کشمیریوں کو شہید کر رہے ہیں، انہیں تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں اور حتیٰ کہ ہسپتالوں سے بھی نوجوانوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 40 افراد شہید ہو چکے ہیں، 2000 زخمی ہیں جن میں سے 190 افراد فائرنگ کے نتیجے میں بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی کو پاکستانی پرچم میں سپرد خاک کیا گیا ہے اور ہم نے عید بھی بھارت کی بجائے پاکستان کے ساتھ منائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ہر فورم پر ہماری آواز اٹھائے اور بھارت کو قائل کرے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کو متنازع علاقہ تسلیم کرے کیونکہ یہ برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے اپنے آپ کو پاکستان کا حصہ سمجھتے ہیں، اس لئے بھارت ہمارا دشمن ہے اور جب بھی رائے شماری ہوگی ہم پاکستان کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کریں گے۔