بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ظالمانہ طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا،وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 13 جولائی 2016 23:12

اسلام آباد ۔ 13 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 جولائی ۔2016ء) وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کشمیری حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ظالمانہ طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا۔

(جاری ہے)

بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے تشدد کی حالیہ لہر پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے، جس میں کشمیری لیڈر برہان وانی سمیت 30 سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں اور سینکڑوں زخمی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، اسلامی کانفرنس کی تنظیم یورپی یونین اور دیگر فورمز پر بھارتی افواج کے مظالم کا معاملہ اٹھا رہا ہے اور پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کے معاملے پر عالمی برادری کا ضمیر جگانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو آگے آنا چاہیے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔