پاکستان فرانس کے ساتھ اقتصادی، سیاسی اور سٹریٹجک شراکت کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے کثیر الجہتی دو طرفہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے،وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد کا فرانس کے قومی دن کے حوالے سے فرانس کی سفیر مارٹن دورانس کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب

جمعرات 14 جولائی 2016 22:58

اسلام آباد ۔ 14 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد نے کہا ہے کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اقتصادی، سیاسی اور سٹریٹجک شراکت کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے کثیر الجہتی دو طرفہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار فرانس کے قومی دن کے حوالے سے اسلام آباد میں فرانس کی سفیر مارٹن دورانس کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر قانون نے کہا کہ 14 جولائی کو فرانس کی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ زاہد حامد نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت ترجیح دیتا ہے، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کثیر الجہتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے کام کریں گے۔

(جاری ہے)

زاہد حامد نے فرانس میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کانفرنس میں پاکستانی وفد کی میزبانی کرنے پر فرانس کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی اور اس کے متعلقہ محکمے موسمیاتی کانفرنس میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے استقبالیہ کے شرکاء کو بتایا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف پہلے ہی گرین پاکستان پروگرام کا اعلان کر چکے ہیں جس کا مقصد ماحول کا تحفظ اور ملک میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنا ہے۔

اس موقع پر فرانس کی سفیر نے کہا کہ فرانسیسی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے اقتصادی تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ فرانس کا سفارتخانہ فرانس کے قومی دن کے حوالے سے لاہور اور کراچی میں بھی تقاریب کا اہتمام کرے گا۔ فرانس کی سفیر نے اردو میں خطاب کیا اور انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کافی عرصہ پہلے پیرس میں اردو زبان سیکھی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ فرانس نے پاکستان کے نوجوانوں کو تربیت دینے کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ بھی اقتصادی شراکت داری قائم کی ہوئی ہے۔ استقبالیہ میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق، مختلف ممالک کے سفراء اور ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور فرانس کے سفیر نے مہمانوں کے ساتھ کیک کاٹا۔