وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس،پاکستان سٹیل ملز، پی آئی اے، کیپکو اور بجلی کے شعبے کے اداروں کی نجکاری سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 14 جولائی 2016 22:58

اسلام آباد ۔ 14 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 جولائی ۔2016ء) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز، پی آئی اے، کیپکو اور بجلی کے شعبے کے اداروں کی نجکاری سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کی مالیاتی اور انتظامی صورتحال پر تفصیل سے غور کیا گیا اور اجلاس کو بتایا گیا کہ بھرپور کوششوں کے باوجود پاکستان سٹیل ملز کے حصول کیلئے وفاقی حکومت کی طرف سے سندھ حکومت کو پیشکش پر کوئی سنجیدہ اقدامات سامنے نہیں آئے، اس لئے کابینہ کمیٹی نے نجکاری کمیشن کو پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کیلئے منصوبے پر کارروائی آگے بڑھانے کی اجازت دیدی۔

(جاری ہے)

نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ کی تنظیم نو کی تجویز کا بھی جائزہ لیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ 7 مئی 2016ء کو کمیٹی کے اجلاس میں کئے جانے والے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کیا جانا چاہیے۔ اجلاس میں پی آئی اے کے کور اور نان کور بزنس کو الگ کرنے سے متعلق معاملے کو شکل دینے اور کارپوریٹائزیشن کے عمل کو مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

کمیٹی نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے شیئرز کی آئی پی او کے ذریعے سٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ کا عمل شروع کرنے کی بھی نجکاری کمیشن کو اجازت دیدی اور کہا کہ اس کا آغاز فیسکو اور آئیسکو سے کیا جائے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ حکومت ان کمپنیوں کا کنٹرول اور مینجمنٹ اپنے پاس رکھے گی۔ نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی نے کوٹ ادو پاور کمپنی لمیٹڈ میں حکومت کے شیئرز کی بھی فروخت کی منظوری دیدی۔ وزیر خزانہ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ نجکاری اور حصص کی فروخت کے عمل کو شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔