Live Updates

وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر 14اگست کو یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کی تیاریاں شروع

تقریبات یکم اگست سے ہی شروع ہو جائینگی، یونین کونسل ، تحصیل ، ضلع و صوبائی سطح پر سکولوں، کالجوں ،یونیورسٹیز میں تقریری و تحریری مقابلے ہونگے،سپورٹس ، سیمینارز ،سمپوزیمز،مشاعرے، مصوری مقابلے، قومی پرچم لہرانے ، قومی ترانہ پڑھنے کی تقاریب ہونگی وزیر اعلی نے سات روز میں یوم پاکستان کی تمام تر تیاریوں کی رپورٹ طلب کر لی ،سٹیرنگ کمیٹی کے سربراہ صوبائی وزیر رانا مشہود کی صدارت میں اجلاس

جمعہ 15 جولائی 2016 18:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جولائی ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق صوبائی حکومت نے اگلے ماہ 14اگست کو یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کا پروگرام بنایا ہے ، یوم آزادی کی تقریبات یکم اگست سے ہی شروع ہو جائیں گی، یونین کونسل ، تحصیل ، ضلع اور صوبائی سطح پر سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیز میں تقریری و تحریری مقابلے، سپورٹس اور سیمینارسمپوزیمز،مشاعرے، ملی ترانوں و مصوری کے مقابلے، قومی پرچم لہرانے اور قومی ترانہ پڑھنے کی تقاریب اور میڈیا پراس روز کی مناسبت سے خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے جن میں تحریک پاکستان میں نمایاں کردار ادا کرنے والے مشاہیر کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا، صوبائی دارالحکومت کی طرح ہر ضلع بھی اپنا فلوٹ تیار کرے گا،اضلاع کی سطح پر مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے والے افراد کو سند فضیلت عطا کی جائیگی، یوم آزادی پر موجودہ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں، عوام دوست اقدامات اور پالیسیوں سے بھی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس امر کا اظہار صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے سیکرٹریٹ میں یوم آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن زکیہ شاہنواز،پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات رانا محمد ارشد،سکرٹری اطلاعات، سیکرٹری سپورٹس،سیکرٹری آرکائیو اور دیگر نے شرکت کی۔ رانا مشہود احمد نے اجلاس کو بتایا کہ وزیر اعلی شہباز شریف 23مارچ کی کامیاب تقریبات کی طرح 14اگست کایوم آزادی کا دن بھی شاندا ر طریقے سے منانے کے متمنی ہیں اور اس مقصد کے لئے انہوں نے اس سٹئیرنگ کمیٹی کوتشکیل دے کر سات روز میں اس سے یوم پاکستان کی تمام تر تیاریوں کی رپورٹ طلب کی ہے ۔

رانا مشہود احمد نے کہا کہ یوم آزادی ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں اورقیام پاکستان کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے گمنام مجاہدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ تجدید عہد اور پاکستان کو قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر بنانے کے عزم کے اظہار کا دن بھی ہے ۔ زندہ قومیں اپنے قومی دنوں کو دھوم دھام سے مناتی ہیں۔ اگلے ماہ یوم آزادی کے حوالے سے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ خصوصاً نوجوان طبقے کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موقع کی مناسبت سے پنجاب حکومت کے تمام محکمے وطن سے محبت کے اظہار کیلئے خصوصی پروگرام کریں گے۔محکمہ آرکائیو تحریک پاکستان کے حوالے سے نادر تصاویر اور یادگار اشیا ء کی نمائش کرے گا۔ پبلک لائبریریز میں خصوصی تقاریب ہوں گی جن میں مطالعہ کاذوق و شوق رکھنے والے افراد کوسراہا جائے گا۔ ضلعی او ر ڈویژنل سطح پر تیا ر کیے جانے والے فلوٹس 4 اگست تک نمائش کیلئے تیار کر لیے جائیں گے۔

یونین کونسل کی سطح پر نہ صرف قومی پرچم لہرائے جائیں گے بلکہ ساتھ ہی ایک بڑے برقی فلیکس پر متعلقہ یونین کونسل میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا بھی زکر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سیاسی کارکن بھر پور انداز میں جشن آزادی منانے کی تیاری کریں او ر ان تقریبات میں بھر پور حصہ لیں ۔ صوبائی وزیر ذکیہ شاہنواز نے اس موقع پر کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات میں جدوجہد آزادی میں حصہ لینے والی خواتین فاطمہ جناح، رعنا لیاقت علی خان ، شائستہ اکرام اﷲ اور بیگم شاہنواز کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

ان خواتین نے ہمارے مستقبل کے لئے اپنا آج قربان کر دیا۔اجلا س میں رانا ارشد، شعیب بن عزیز، سیکرٹری انفارمیشن راجہ جہانگیر انوراور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعا ت شاہد اقبال نے بھی آمدہ یوم آزادی کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات